پاکستانی شاہین آج شارجہ میں کیویز پر جھپٹنے کیلئے تیار


اسلام آباد، لاہور ( نیوز رپورٹر،سپورٹس ڈیسک) بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کرنے والی پاکستان ٹیم کا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں اگلا ہدف دورہ پاکستان ادھورا چھوڑ کر جانے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ آج شام 7 بجے شارجہ میں کھیلا جائے گا۔17 ستمبر 2021 کو نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ملتوی کردی گئی تھی۔ 29 اکتوبر کو پاکستان کا مقابلہ افغانستان کی ٹیم سے ہوگا اور میچ دبئی میں کھیلا جائیگا۔ شیڈول کے مطابق 2 نومبر کو پاکستان کا مقابلہ اے ٹو آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ شیخ زید انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم ابوظہبی میں ہوگا، 7 نومبر کو پاکستان کا مقابلہ بی ون آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ بمقام شارجہ کرکٹ سٹیڈیم ہوگا۔علاوہ ازیں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں افغانستان نے سکاٹ لینڈ کو باآسانی 130 رنز سے زیر کرلیا۔ افغانستان کی جانب سے دیئے جانیوالے 191 رنز کے تعاقب میں سکاٹ لینڈ کی ٹیم 10.2 اوورز میں 60 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔سکاٹ لینڈ کے صرف تین کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل ہوسکے، جارج منسے 25، کائل کیٹزر 10 رنز بنا کر نمایاں رہے، کرس گریوس 12 رنز بناسکے۔مجیب الرحمان نے تباہ کن بولنگ کرکے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، راشد خان نے بھی چار وکٹیں حاصل کیں۔افغانستان نے پہلے کھیل کر 4 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے تھے، نجیب اللہ 59، رحمان اللہ 46 اور زازئی 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے۔

ای پیپر دی نیشن