کنسٹرکشن انڈسٹری کے پیکیج میں توسیع کیلئے متعلقہ فورمز پر آواز اٹھائینگے:اسد قیصر

 اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ وزیراعظم کنسٹریکشن شعبے میں خاص دلچسپی لے رہے ہیں اسی لئے انہوں نے کنسٹریکشن انڈسٹری کیلئے ایک پرکشش پیکج کا اعلان کیا تھا جس کے نتیجے میں پورے ملک میں بڑے بڑے تعمیراتی منصوبے شروع ہوئے ہیں لہذا اس پیکج کو مزید توسیع دینے کیلئے قومی اسمبلی سمیت ہر متعلقہ فورم پر آواز اٹھائیں گے تا کہ مزید سرمایہ کار اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ گلبرگ گرین اسلام آباد جیسے تعمیراتی منصوبے خیبر پختونخواہ سمیت دیگر صوبوں میں بھی شروع ہونے چاہئیں تا کہ عوام کو بہتر لائف سٹائل میسر آئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلبرگ گرین اسلام آباد کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر، سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ، نائب صدر محمد فہیم خان، فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید، چیمبر کے سابق صدور محمد اعجاز عباسی، خالد اقبال ملک، شیخ عامر وحید اور باسر داؤد سمیت دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے تعمیراتی صنعت کیلئے ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کر کے ایک مثبت فیصلہ کیا کیونکہ اس پیکج کی وجہ سے تعمیراتی اور کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملا ہے لہذا حکومت اس پیکج کو مزید توسیع کرنے پر غور کرے۔

ای پیپر دی نیشن