ملتان (نیوز رپورٹر)آل پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں 5 نومبر سے غیر معینہ مدت کے لئے ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے اس حوالے سے آل پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے تمام ڈیلرز کو ہڑتال کا گرین سگنل بھی دے دیا ہے۔گزشتہ روز ملتان میں پٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کے ڈیلرز نے شرکت کی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہوئے صدر سید فیاض حسین گیلانی سینئر نائب صدر ریٹائرڈ آفتاب خان اور جنرل سیکٹری محمد اقبال نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر کمیشن بڑھانے کا وعدہ کیا تھا جو آج تک پورا نہیں ہوا ۔ ملک بھر میں پٹرولیم کی سپلائی کو بحال رکھنا اب موجودہ حالات میں ناممکن ہو گیا ہے اگر حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر کمیشن نہ بڑھایا تو پانچ نومبر کو ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی ہم اپنے پمپ بند کر دیں گے۔