ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے سال بھرجدوجہد جاری رکھیں گے، شوکت جعفری

راولپنڈی (جنرل رپورٹر) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کی عالمگیر ہفتہ وحدت و اخوت کمیٹی کے کنوینر شوکت عباس جعفری نے ملک بھر میں عید میلاد النبی ؐ اورولادت پرنور حضرت امام جعفر صادق ؑ کی مناسبت سے 12تا18ربیع الاول عالگیر ہفتہ وحدت و اخوت کے موقع پر سنی شیعہ اتحادو یگانگت کے عملی مظاہرے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے اس جذبہ خیر سگالی کو لائق تحسین قراردیا ہے۔سوموار کو مرکزی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عشق رسول ؐ کے جذبے سے وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے عملی جدوجہد سال بھر جاری رکھیں گے ،یہی وہ جذبہ ہے جس سے دلوںکو مسخراور ہر طاغوت کی سازش کو ناکام بنایا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کی ذلت و رسوائی کا سبب تعلیمات رسول ؐ سے دوری اور ان کے پاکیزہ ورثہ سے بیگانگی ہے ۔مرکزی کنوینر نے کہا کہ عزاداری کے جلوسوں کی طرح میلاد کے جلوسوں میں بھی شیعہ سنی بھائیوں کے اتحاد کے مظاہرے سے دشمن کے عزائم ناکام ہو کر رہ گئے ہیں ،آئندہ بھی اسی جذبہ پر گامزن رہیں گے، ٹی این ایف جے ضلع راولپنڈی اور اسلام آباد کی وحدت و اخوت کمیٹیوں کے کنوینروں انصار کاظمی، شفقت ترابی ،علامہ بشارت امامی،ذوالفقار علی راجہ نے بھی اپنے الگ الگ بیانات میں میلاد کمیٹیوں کی جانب سے ٹی این ایف جے کی حوصلہ افزائی کرنے پر دلی اظہار تشکر کیا۔

ای پیپر دی نیشن