انسانی المیے کو روکنے کا واحد راستہ طالبان سے تعلقات ہیں:فواد چوہدری

Oct 26, 2021 | 11:19

ویب ڈیسک

دبئی: وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان میں انسانی المیے کو روکنے کا واحد راستہ عالمی برادری کے طالبان سے تعلقات ہیں جبکہ بیرونِ ملک منجمد اربوں ڈالرز کے افغان اثاثوں کو ریلیز کرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے ایک انٹرویو میں کہا کہ باہمی تعلقات میں پیش رفت سے افغانستان میں انسانی حقوق کے تحفظ اور وسیع البنیاد آئینی حکومت کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔ کیا عالمی برادری افغانستان کو افراتفری کی طرف دھکیلنا چاہتی ہے یا ہم ملک کو استحکام دینے کی کوشش کر رہے ہیں؟انٹرویو کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ وقت آگیا ہے جب امریکا، چین اور دیگر بڑی طاقتوں کو افغانستان کے نئے حکمرانوں کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنا ہوگا۔ نئی حکومت کے کچھ اراکین سمیت طالبان پر عائد کی گئی اقوامِ متحدہ کی پابندیاں ہٹانے کیلئے فریم ورک تشکیل دینے سے انسانی حقوق کا تحفظ ممکن ہوسکے گا۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے افغانستان پر طالبان کی حکومت کے قیام کے بعد کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ باہمی تعلقات کے فروغ سے افغانستان میں ایک جامع اور آئینی حکومت کے قیام کی حوصلہ افزائی ہوگی جو براہِ راست اقتصادی امداد کے ساتھ ساتھ عدم استحکام کو روکنے کا واحد راستہ ہے۔ 

مزیدخبریں