مکرمی! آپ کے روزنامہ کے توسط سے میں وزیراعلیٰ پنجاب جناب پرویز الٰہی کی توجہ ایک نہایت اہم مسئلہ کی جانب مبذول کروانا چاہتا ہوں۔ دسمبر 2016ء کو دفتر DEO ایلیمنٹری ڈسٹرکٹ نارووال کی جانب سے آمدہ اطلاع کے مطابق حسب ضابطہ آپ ورڈ موبلٹی انڈر C.M پیکج برائے 2016ء گریڈ:14 سے 15 کے لیے EST,s (جنرل) نے اپنی مکمل درخواستیں جنوری 2017 ء کو دفتر ھذا میں جمع کروائی تھیں۔ یکم دسمبر 2016ء کی مرتب کردہ لسٹ کے مطابق میرٹ پر آنے والے EST,s جنرل کی درخواستوں کو ضلعی تعلیمی افسران نارروال کی مبینہ مصلحت پسندی، بدنیتی اور غفلت نے اتنا طول دیا کہ ESt,s (جنرل) اپنے آئینی اور جائز حق سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ پنجاب کے دیگر اضلاع یعنی گجرات، لاہور اور بہاول پور وغیرہ کے تعلیمی افسران نے حسبِ روایت بروقت ہوم ورک کر کے ESt,s (جنرل) کو سالانہ C.M پیکج 2016 ء اور 2017 ء الگ الگ ایوارڈ کر دیا۔ ضلع نارووال کی انتظامیہ کو اس سنجیدہ معاملہ کے متعلق بار بار یاد دہانی کروانے کے باوجود اس مسئلہ کو درخور اعتنا سمجھا اور بغیر کسی وجہ کے خلافِ ضابطہ اور ظالمانہ اقدام سے سالانہ C.M پیکج 2016ء کو سالانہ C.M پیکج 2017ء میں ضم کر دیا۔ اس طرح ان کے اس گھنائونے فعل سے سینکڑوں ESt,s (جنرل) نارووال کا معاشی استحصال ہوا۔ ESt,s (جنرل) اپنے حق کے حصول کے لیے 2017ء سے سراپا احتجاج ہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب ہوتے ہوئے آپ کی طرف سے اساتذہ کو دیا گیا یہ C.M پیکج ایک تحفہ اور ایک بہترین اَپ ورڈ موبلٹی سسٹم تھا۔ بدقسمتی سے اس پیکج سسٹم کو نہ جانے کیوں ختم کر دیا۔ مذکورہ بالا حقائق کی روشنی میں ESt,s (جنرل) ڈسٹرکٹ آپ کے حضور پرزور اور درمندانہ اپیل کرتے ہیں کہ DEO, CEO ایلیمنٹری اور متعلقہ حکام ضلع نارووال کو اپنے احکام صادر فرما کر EST,s (جنرل) کی دیرینہ پریشانیوں کا ازالہ کیا جائے۔ (محمد رفیق قمر ۔ محلہ شریف پورہ، شکر گڑھ )