اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) ترکی آئندہ دو تین سال میں پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کو کم از کم 5 ارب ڈالر سالانہ تک بڑھانا چاہتا ہے کیونکہ دونوں ممالک متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارتی کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان میں تعینات ترکی کے سفیر ڈاکٹر مہمت پکاچی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ترکی سفارتخانے میں ان سے ملاقات کی۔ ترکی کے کمرشل قونصلر نورتین دیمیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ترکی کے سفیر نے وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے تعاون سے بین الاقوامی ہاؤسنگ ایکسپو منعقد کرنے کے آئی سی سی آئی کے منصوبے کو سراہا اور یقین دلایا کہ پاکستان میں ترکی کی کمپنیاں ایکسپو میں شرکت کریں گی جبکہ ترکی سے کمپنیوں اور معززین کو بھی ایکسپو میں شرکت کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔ سڑک اور ریلوے کے ذریعے تجارت کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے ریلوے نظام کو اپ گریڈ کرنا چاہیے تاکہ اسے ترکی کے ریلوے نظام سے ہم آہنگ کیا جا سکے جس سے ریلوے کارگو کے ذریعے دو طرفہ تجارت کو بہتر فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں تیل کی کم قیمت کی وجہ سے روڈ نیٹ ورک کے ذریعے تجارت سستی پڑ سکتی ہے۔
ترک سفیر