لاہور(خبرنگار)محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب گوجرانوالہ ریجن نے نثار احمد اشٹام فروش کو ہائیکورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری خارج ہونے پر گرفتار کر لیا اور ملزم کے خلاف عدالتی کارروائی شروع کی گئی ہے۔ملزم کے خلاف ایف آئی آر گوجرانوالہ ریجن میں درج کی گئی تھی، ملزم جعلی دستاویزات تیار کر کے زمین ہتھیانے میں ملوث تھا۔دریں اثنا منگل کے روز محکمہ اینٹی کرپشن بہاولنگر نے اشتہاری اور عدالتی مفرور ملزم عبدالقیوم سابقہ تحصیل افسر خزانہ چشتیاں جو کہ اب سرکل آفیسر احمد پور سیال تعینات ہیں کو گرفتار کر لیا ہے، ان کے خلاف عدالتی کارروائی شروع کردی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن نے کہا ہے کہ سرکاری اداروں میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا اپنا میڈیکل، ڈینٹل کالج بنانے کا فیصلہ
لاہور(نیوزرپورٹر) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے فیصلہ کیا ہے کہ یونیورسٹی اپنا میڈیکل اور ڈینٹل کالج بنائے گی ۔بتایا گیا ہے کہ میڈیکل اور ڈینٹل کالج 2024ءمیں کام شروع کردیگا۔ اس بات کا اعلان وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور نے منگل کے روز فیکلٹی اور انتظامی سربراہان کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ میڈیکل اور ڈینٹل کالج کیلئے جناح کیمپس میں لیکچر تھیٹر کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا۔ آڈیٹوریم بھی لیکچر تھیٹر کمپلیکس کا حصہ ہوگا- وی سی یو ایچ ایس کا کہنا تھا کہ ٹیچنگ ہسپتال کے طور پر میڈیکل کالج کا مریدکے، کالاشاہ کاکو اور شاہدرہ کے ہسپتالوں سے الحاق کیا جائے گا۔