حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی +نامہ نگار)ڈپتی کمشنر حافظ آباد تو قیر الیا س چیمہ نے کہا ہے کہ سموگ اور فضائی آلودگی کا باعث بننے والے کاشتکاروں اور زمینداروں کو فوری گرفتار اور بھاری جرمانے کیے جائیں ، موٹروے کے قریبی علاقوں میں سپیشل سرویلینس کی جائے اور ان علاقوں میںفصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف کاروائی عمل کیلئے اسپیشل سکواڈ تیا ر کیا جائے۔ اسسٹنٹ کمشنر ز کی سر براہی میں محکمہ زراعت اور محکمہ تحفظ ماحولیات کے افسر اور ملازمین انسداد سموگ کے حوالہ سے 24گھنٹے ترجیحی بنیادوں پر کام کریں اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلا ف بلا تفریق کاروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے ان خیالا ت کا اظہار اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر حافظ آباد رب نواز ، اسے سی پنڈ ی بھٹیاں بلاول علی ہنجرا،اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر اشفاق احمد ،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت فضل الرسول ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر تحفظ ماحولیات نوید احمد بھی شریک تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محکمہ زراعت ، ریونیو اور لوکل گورنمنٹ کے افسروں اور ملازمین پر مشتمل خصوصی ٹیمیں دیہات اور بالخصوص موٹروے کے قریبی علاقوں میں جا کر خلاف ورزی کرنے والے کا شتکار وں کو گرفتا ر اور انہیں جرمانے کریں ۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کی کہ موٹروے کے قریبی دیہات میں خصوصی سیمینار منعقد کروائے جائیں جن میں زمینداروں ، کاشتکاروں کو فصلوں کی باقیات نہ جلانے کے حوالہ سے آگاہی دی جائے۔
آلودگی کا باعث بننے والے کاشتکاروں کو فوری گرفتار کیا جائے:ڈی سی حافظ آباد
Oct 26, 2022