لاہور(سپورٹس رپورٹر)کراچی کے نیشنل سٹیڈیم کا نام تبدیل کر دیا گیا اور اب نیشنل بنک کرکٹ ارینا بن گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل سٹیڈیم کے نام کی تبدیلی کیلئے قومی بنک سے معاہدہ کر لیا۔معاہدے پر پی سی بی چیئرمین رمیز راجہ اوربنک کے صدر اور سی ای او رحمت علی حسنی نے دستخط کیے اور یہ معاہدہ 5 سال کیلئے ہوا ہے۔ رمیز راجہ کا کہنا تھاکہ قومی بینک کا پی سی بی کے ساتھ جڑنا ایک اعزاز ہے، سٹیڈیمز مارکیٹنگ کا ایک شاندار طریقہ ہے اور دنیا بھرمیں اس کو اہمیت دی جاتی ہے۔ کراچی کرکٹ کا گڑھ ہے اور نیشنل سٹیڈیم پاکستان کرکٹ کی ایک تاریخ ہے۔ سی ای او نیشنل بنک کا کہنا تھاکہ ہماری بورڈ کے ساتھ پارٹنر شپ کی شروعات ہیں، قومی ادارے کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں، نیشنل سٹیڈیم کے رائٹس لینا اعزاز ہے۔