اسلام آباد(خبرنگار) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما)کا دو روزہ بین الاقوامی کنونشن 29-30اکتوبر کو جناح کنونشن سینٹر میں ہو گا جس میں 200عالمی مندوبین سمیت پاکستان بھر سے 3000سے زائد ڈاکٹرز شرکت کریں گے اورتشخیص و علاج، طبی تعلیم، طبی تحقیق، اخلاقی و پیشہ ورانہ مہارت، ہیلتھ پالیسی اور صحت کی دیکھ بھال کے رہنما اصولوں پر تبادلہ خیال کریں گے یہ پورے پاکستان اور بیرون ملک سے صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد کا اب تک کا سب سے بڑا کنونشن ہو گا۔ مرکزی صدر پیما پروفیسر خبیب شاہد، چیئرمین کنونشن پروفیسر محمد اقبال خان، پروفیسر محمد طاہر، ڈاکٹر شبیر احمد، ڈاکٹر افتخار برنی اور ڈاکٹر ممتاز حسین نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس وقت پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض اور دیگرطبی مشکلات کا سامنا ہے۔ بالخصوص خواتین اور بچوں کی صحت ایک بڑا چیلنج ہے۔ بڑی تعداد میں حاملہ خواتین بھی ان علاقوں میں موجود ہیں۔
جنہیں باعزت اور محفوظ طریقے سے طبی سہولیات فراہم کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔ اس صورتحال میں پیما کے اس کنونشن کی اہمیت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ اس کنونشن میں شریک قومی اور بین الاقوامی طبی برادری کی بطور خاص پاکستان میں سیلاب کے بعد صحت کی دیکھ بھال کے مسائل پر توجہ مرکوز رہے گی۔
پیماکا 2 روزہ بین الاقوامی کنونشن 29اکتوبر کو جناح کنونشن سینٹر میںشروع ہو گا
Oct 26, 2022