ارشد شریف کے قتل‘ اعلیٰ سطحی شفاف تحقیقات کا مطالبہ 

Oct 26, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی نے ادارہ نور حق میں اپنی پریس کانفرنس میں معروف صحافءاور سینئر اینکر پرسن ارشد شریف کے کینیا میں بہیمانہ قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ ، صحافی برادری اور پوری قوم سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اس قتل کی اعلیٰ سطح پر شفاف عدالتی تحقیقات کرائے تاکہ افواہوں اور شکوک و شبہات دور ہو سکیں۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے کینیا میں سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر بالخصوص پاکستان میں صحافیوں کے حقوق کی صورتحال کربناک ہے۔ ارشد شریف کا بیہمانہ قتل آزادی صحافت پر حملہ ہے وہ پاکستان میں ملک دشمن بیرونی قوتوں کی مداخلت کے سخت مخالف تھے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعہ کو عالمی سطح پر اٹھایا جائے اور اس کے پیچھے چھپے عناصر کو بھی بے نقاب کیا جائے۔ بانیان پاکستان کی اولادوں کی تنظیم محب قومی سماجی کونسل پاکستان، انسانی حقوق کے تحفظ کی تنظیم نیشنل فورم فار ہیومن رائٹس آف پاکستان کے چیئرمین و محب وطن سماجی رہنما محمد اسلم خان فاروقی نے کہا ہے کہ معروف صحافی ارشد شریف کے کینیا میں بہیمانہ قتل کے پیچھے ملک دشمن بھارتی ایجنسی را کے ملوث ہونے کا غالب ترین امکان ہے دراصل بھارت کو پاکستان کا استحکام برداشت نہیں، اس لئے ممکن ہے کہ پاکستان کے گرے لسٹ سے باہر نکلنے پر بھارت نے ارشد شریف کو شہید کرکے اپنی خار نکالی ہو اس بات کا اظہار انہوں نے ہیومن رائٹس کے آفس میں نیشنل فورم فار ہیومن رائٹس کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عبد الرحیم شیخ، ماسٹر اسلم، عابد حسین، عبد الکبیر خان، سلمان عثمان سے بات چیت کے دوران کیا۔
 ارشد شریف قتل کیس

مزیدخبریں