ریاست مدینہ طرز حکمرانی میں ہی عدل مل سکتا ،ثروت قادری


کراچی (نیوز رپورٹر )سربراہ پاکستان سنی تحریک محمدثروت اعجازقادری نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ طرز حکمرانی میں ہی عدل و انصاف کی بالا دستی ہے استحصالی قوتیں عدل و انصاف کی بالادستی اور عوام کے حقوق کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں ، ملک میں نظام مصطفی کے نفاذ کے بغیر استحصالی قوتوں سے نجات اور عدل و انصاف کی بالادستی ناممکن ہے ، سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کے کینیا میں قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں ،حکومت پاکستان ارشد شریف کے قتل پر خاموش تماشائی بننے کی بجائے عالمی سطح پر اس بہمانہ قتل پر آواز بلند کرے ، سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل پر پوری قوم میں رنج و غم اور گہری تشویش پائی جاتی ہے ، عالمی سطح پر ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کروا کر قتل کے پیچھے کارفرما ہاتھوں کو بے نقاب کیا جائے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے جاری بیان میں کیا ، ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ میں عدل و انصاف کا بول بالا تھا اور امیر غریب کو بلا امتیاز انصاف ملتا تھا لیکن پاکستان میں نظام عدل نہ ہونے کے باعث لاقانونیت کا راج ہے ، کرپشن ،دہشتگردی، اسٹریٹ کرائم عروج پر ہے معاشرتی تباہی اور اخلاقی بربادی کے دلدل میں ہم دھنستے جارہے ہیں ، امیر اور غریب کمزور اور طاقتور کے لئے الگ الگ قانون ہیں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کے مصداق جنگل کا قانون رائج ہے۔ 
ثروت قادری

ای پیپر دی نیشن