پاکستان کی اندرونی سیاست میں دخل اندازی نہیں کر سکتے: امریکہ

Oct 26, 2022


واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ؍ این این آئی) امریکی محکمہ خارجہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی سے متعلق سوال پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔ سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کے سوال پر ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی اندرونی سیاست میں دخل اندازی نہیں کر سکتے۔ پاکستانی سیاسی نظام اور عدالت کے درمیان کسی تنازع پر بات نہیں کر سکتے۔ دوسری جانب امریکا کی جانب سے سینئر صحافی ارشد شریف کی موت پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ بریفنگ کے دوران امریکی وزارت خارجہ نے ارشد شریف کیس کی صاف تفتیش و تحقیقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کینیا حکومت پر زور دیتے ہیں کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔ترجمان امریکی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کے خاندان اور ساتھیوں سے دلی افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ ارشد شریف کی موت کی مکمل معلومات منظرِ عام پر ابھی تک نہیں آئیں۔ ترجمان امریکی وزارت خارجہ نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ امریکا صحافیوں کو بلا خوف کام کرنے کے حق میں ہے۔ صحافی ارشد شریف کے کام سے دنیا واقف تھی، آزادی اظہار و آزادی صحافت کے حامی ہیں، آزادی اظہار رائے سے متعلق امریکا کے دنیا بھر میں مختلف پروگرام چل رہے ہیں۔ نیڈ پرائس نے مزید کہا کہ حقِ آزادی رائے دبانے والی حکومتوں کے خلاف ایکشن بھی لیے گئے ہیں۔

مزیدخبریں