اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی مجموعی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے انہیں سفیر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔ معزز مہمان نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔ انہوں نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو بھی سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔
آرمی چیف سے ملاقات