اسلام آباد(نا مہ نگار)کمیٹی برائے خوراک، زراعت، لائیو سٹاک اور ماہی پروری نے ملک میں زراعت، لائیو سٹاک، ماہی پروری اور غذائی تحفظ کا جائزہ لیا،وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ اور تحقیق طارق بشیر چیمہ کی زیر صدارت کمیٹی برائے خوراک، زراعت، لائیو سٹاک اور ماہی پروری کا اعلی سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں زراعت، لائیو سٹاک، ماہی پروری کے مسائل پر مشاورت اور ملک میں غذائی تحفظ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں صوبائی وزرائے زراعت، لائیوسٹاک اور ماہی پروری نے شرکت کی۔ تمام صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے متعلقہ محکموں کے حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔ سیکرٹری قومی غذائی تحفظ اور تحقیق ظفر حسن نے کمیٹی کو ملک میں گندم کے ذخائر کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں گندم کے ذخائر تسلی بخش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گندم کے سرکاری ذخائر مقامی کھپت کے لیے کافی ہیں اور پچھلے سال سے زیادہ ہیں۔وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ سیلاب اور بارشوں کی وجہ سے ہم ہنگامی حالت میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عہدیداروں کو عوام کے بہترین مفاد میں فیصلے کرنے چاہئیں۔ایم ڈی پاسکو سعید احمد نواز نے شرکا کو بتایا کہ بارشوں اور سیلاب کے باعث سرکاری گودام میں گندم کے سٹاک کو نقصان پہنچا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی استعمال کے لیے موزوں گندم کو تباہ شدہ سٹاک سے کامیابی کے ساتھ الگ کر دیا گیا ہے اور اسے فراہم کیا جا رہا ہے۔فوڈ سیکیورٹی کمشنر وسیم الحسن نے فورم کو آگاہ کیا کہ سیلاب سے متاثرہ کسانوں میں گندم کا سبسڈی والا بیج 10 نومبر تک پہنچا دیا جائے گا۔
طارق بشیر چیمہ