اسلام رواداری، محبت، امن کا پیغام دیتا ہے:صادق سنجرانی


اسلام آباد(خبرنگار)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے انڈونیشیا میں عالمی عوامی مشاورتی اسمبلی فورم کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام رواداری، محبت اور امن کا پیغام دیتا ہے۔ دنیا میں بڑھتا ہوا اسلامو فوبیا مسلمانوں کے لیے بدستور سنگین نتائج کا باعث بن رہا ہے۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ پوشیدہ جغرافیائی سیاسی ایجنڈوں کے ساتھ خرافات اور غلط فہمیاں میڈیا پر حاوی رہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام کے دشمن مسلمانوں کو انفرادی اور اجتماعی طور پر نشانہ بناتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے " تنازعات کے حل" اور "تجارت کے فروغ " کیلئے کمیٹیوں کی تشکیل کے لیے عالمی پارلیمانوں کو تجویز پیش کی تا کہ ان مسائل کے حل کیلئے موثر فورم قائم کیا جا سکے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ مسلم ممالک ایک اکائی کے طور پر کام کرنے میں مسلسل ناکام رہے ہیں۔  فلسطین اور کشمیر میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے ظالم و بربریت ا نسانیت سوز ہیں اور روہنگیا پناہ گزینوں کے بحران اور افغانوں کی بحالی کے لیے مسلسل آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل و دیگر اہم فورمز کو ان مظلوموں کیلئے لائحہ عمل اختیار کرنا چاہئے۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ آئی ٹی کے حوالے سے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان، ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی جانب سے نوجوانوں کیلئے معاونت کے معترف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریہ انڈونیشیا کی عوامی مشاورتی اسمبلی کو او آئی سی، او آئی سی کی پارلیمانی یونین اور مسلم ورلڈ لیگ کے ساتھ اس اہم کانفرنس کے انعقاد پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس شاندار کانفرنس کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔
صادق سنجرانی
 اسلام آباد(خبرنگار)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور ہاؤس آف کونسلرز مراکش کے صدر، انعام مایارہ کے درمیان بنڈونگ، انڈونیشیا میں منعقدہ عالمی عوامی مشاورتی اسمبلی فورم کانفرنس کے موقع پر دوطرفہ ملاقات ہوئی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مراکش اور پاکستان کے درمیان دیرینہ اقتصادی اور سفارتی تعلقات ہیں اور دوطرفہ تجارتی حجم بھی بڑھ رہا ہے فریقین نے مستقبل میں اقتصادی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ روڈ میپ پر عمل درآمد پر اتفاق کیا۔ محمد صادق سنجرانی نے بتایا کہ پاکستانی سیاح اور تاجر مراکش کا دورہ کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔انہوں نے مراکش کی تاجر برادری کو پاکستانی مارکیٹ میں دستیاب سرمایہ کاری کے وسیع مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کی بھی دعوت دی۔
چیئرمین سینیٹ

ای پیپر دی نیشن