حیدرآباد(بیورو رپورٹ)صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلی سندھ اور ان کی ٹیم کی کوشش ہے کہ وہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن پر عمل پیرا ہوتے ہوئے صوبے بھر میں ترقیاتی منصوبو ں کو پایہ تکمیل تک پہنچاکربرائے راست عوام کو اس کا فائدہ پہنچائیں اور اس ضمن میں سندھ سالڈ ویسٹ منجمنٹ بورڈ اور ترکی کی کمپنی الٹاس کے مشترکہ تعاون سے ضلع حیدرآباد اور کوٹری میں گھر گھر سے کچرا اٹھایا جائیگا -ہمارا نعرہ ہے کہ" اب ہوگا صاف حیدرآباد" وہ آج قاسم بینکوئیٹ میںضلع حیدرآباد اور کوٹری میں گھر گھر سے کچرا اٹھانے کے کام کاافتتاح کرنے کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے - اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن ،صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو،رکن قومی اسمبلی طارق شاہ جاموٹ، رکن صوبائی اسمبلی جبار خان ، ندیم صدیقی ،سینٹرز عاجز دھامراہ، مولا بخش چانڈیو ،وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی صغیر قریشی، فیاض شاہ، کاشف شورو،سیکریٹری بلدیات سید نجم شاہ ،ڈویژنل کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمن میمن، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو اورایس ایس پی حیدرآباد سمیت سول سوسائٹی کے ممبران اور پی پی پی کے مقامی رہنماو دیگر موجود تھے-سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں میونسپل کمیٹی کوٹری ، حیدرآباد سٹی ، لطیف آباد ، قاسم آباد کی 134 یو سیز میں گھر گھر سے کچرا اٹھانے کاکام 60 منی ٹرپر،3 مکینکل سوئیپر ، 20 کمپیکٹر، 10 لوڈرز،6 ٹریکٹر ٹرالی،10 ڈمپرز،1400 سینیٹری ورکرزکے ذریعے تقریبا روزانہ کی بنیاد پر1 ہزار 84 ٹن کچرا لینڈ فل سائٹ پر ٹھکانے لگایا جائیگا-روزانہ 350 اسکوائر کلو میٹر سڑکوں کی صفائی کے علاوہ 3 لاکھ 64 ہزار گھروں سے کچرا اٹھایا جائیگا۔آئندہ سال جنوری سے تعلقہ حیدرآباد دیہی میں بھی گھر گھر سے کچرا اٹھانے کا کام شروع کیا جائیگا جس کے بعد ٹنڈو محمد خان اور دیگر علاقوں میں بھی اس کا دائرہ وسیع کیاجائیگا-انہوںنے امید ظاہر کی کہ ترک کمپنی الٹاس بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ اسلامی برادر ممالک پاکستان اور ترکی کے درمیان بہترین تعلقات ہیں اور اس طرح کے عمل سے ان تعلقات میں مزید بہتری آئیگی۔سندھ بھر میں بہت سی اسیکمیں سست روی کا شکار تھیں جس پر پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی کہ ان اسکیموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے بالخصوص حیدرآباد کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔حالیہ بارشوںمیں صوبے بھر میں انفرااسٹرکچر کو بہت نقصان پہنچا ہے جس کے لیے سڑکوں اور انفرااسٹرکچر کی بحالی کا کام شروع ہوچکا ہے ۔ کچرااٹھانے کے ساتھ ساتھ ہم سیاسی کچرا بھی صاف کررہے ہیں۔قبل ازیں ایم ڈی سالڈ ویسٹ منجمنٹ بورڈ زبیر احمد چنہ نے حیدرآباد اور کوٹری میں گھر گھر سے کچرا اٹھانے کے کام سے متعلق تفصیلات بتائیں۔تقریب سے ترکی کے کمرشل اتاشی یوسف یلدیر م نے بھی خطاب کیا- اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن ، صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورواور دیگر کے ہمراہ سالڈ ویسٹ منجمنٹ بورڈ کے تحت گھر گھر سے کچرا اٹھانے کے کام کا ربن کاٹ کر افتتاح کیا۔
حیدرآباد کچرا کام