کراچی (نیوز رپورٹر ) روٹری انٹرنیشنل کے صدر گورڈن آر میکنیلی نے کہا ہے کہ روٹری انٹرنیشنل پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ وہ کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کر رہے تھے۔ گورڈن آر میکنیلی میٹ دی پریس کا اہتمام کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی نے کیا تھا۔ قبل ازیں کراچی پریس کلب پہنچنے کراچی پریس کلب کے سیکریٹری رضوان بھٹی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ بعد ازاں روٹری انٹر نیشنل کے ڈائریکٹر محمد فیض قدوائی نے روٹری انٹر نیشنل کے صدر گورڈن آر میکنیلی کا تعارف کراتے ہوئے پاکستان میں روٹری کی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ گورڈن میکانیلی نے بتایا کہ روٹری انٹر نیشنل کے تعاون سے سندھ میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے 20اسمارٹ ویلیجز قائم کیے جا رہے ہیں۔ ان ویلیجز میں سیلاب متاثرین کو صرف رہائش ہی نہیں مہیا کی جائے گی بلکہ ان کے معاشی معاملات کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کی معاشی سرگرمیوں کا بھی انتظام کیا جائے گا۔ بچوں کی تعلیم کے لیے اسکول اور صحت کی سہولیات کے لیے ان ولیجز میں ڈسپنسری بھی قائم کی جائے گی۔ صدر گورڈن نے کہا کہ زلزلے کی صورتحال ہو یا سیلاب کی تباہی، روٹری نے ہمیشہ آگے بڑھ کر متاثرین کو فوری امداد اور ان کی بحالی میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے روٹری فلاحی منصوبوں کے ذریعے لوگوں کے طرز زندگی اور معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان میں روٹری کے پلیٹ فارم سے نئے عزم کے ساتھ فلاحی منصوبے شروع کیے جائیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ اندرونِ سندھ سیلاب متاثرین کے مسائل کا جائرہ لینے گئے تھے۔ صورتحال توقعات سے کہیں زیادہ خراب ہے۔متاثرین کی بحالی کا عمل شروع کر رہے ہیں ہم سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ روٹری ان مقاصد کے لیے وقف ہے جو بین الاقوامی تعلقات استوار کرتے ہیں، زندگیوں کو بہتر بناتے ہیں اور ایک بہتر دنیا کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ہم ان لوگوں کی حوصلہ افزائی کریں جنہوں نے حال ہی میں رضاکارانہ طور پرروٹری کے ساتھ کام کرنے کا بیڑا اٹھایاہے تاکہ وہ خدمت کے مشن کو بہتر انداز میں جاری رکھ سکیں۔
روٹری انٹرنیشنل
سیلاب متاثرہ علاقوں میں صورتحال توقعات سے کہیں زیادہ خراب، متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑینگے، بحالی کا عمل شروع کررہے، گورڈن میکانلی
Oct 26, 2022