نوجوان نسل کو برائیوں سے روکنے کیلئے کھیلوں کے میدان آباد کئے جائیں، نواب خان


اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر)اسلام آباد سپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سرپرست حاجی نواب خان نے کہا ہے کہ ملک میں نوجوان نسل کو معاشرتی برائیوں سے روکنے کے لیے کھیلوں کے میدان آباد کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ینگ مانیار الیون فٹ بال ٹورنامنٹ کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے لئے ملک میں تحصیل کی پر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے اور اس اقدام کے ذریعے نوجوان نسل مختلف برائیوں سے نجات حاصل کر سکتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طلبا و طالبات تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے مقابلوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ایسے مقابلوں سے صحت مند معاشرہ تشکیل پا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں گراس روٹ سطح پر کھیلوں کی ترقی میں تعلیمی ادارے ایک اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ جو کہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ حاجی نواب خان نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی کسی سے کم نہیں بلکہ ان کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں ملک و قوم کا نام روشن کرتے ہوئے میڈلز حاصل کئے. اور ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہمارا سب کا فرض ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کھیلوں کے حوالے سے ایک پر امن ملک ہے اور پاکستانی شائقین غیر ملکی کھلاڑیوں سے بے پناہ محبت کرتے۔ انہوں نے کہا کہ چیف آف ایئر سٹاف انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ میں غیر ملکی کا پاکستان آکر کھیلنا خوش آئند بات ہے۔

ای پیپر دی نیشن