مریم نواز کا ٹوئٹ نامناسب تھا، ٹوئٹ میں بے حسی، تکبر اور غرور تھا: شاہ محمود

Oct 26, 2022 | 13:40

ویب ڈیسک

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پر امن احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔

سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو صورتحال ہے اس میں سیکیورٹی چیلنجز ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مارچ کا فیصلہ کرلیا ہے جمعہ کو اعلان ہونا ہے، پرامن رہیں گے، قانون کے دائرے میں رہیں گے، قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پر امن احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ارشد شریف دباؤ میں تھے، کوئی شخص اپنی فیملی کو چھوڑ کر فرار کیوں ہوگا۔

انکا کہنا ہے کہ کیا ارشد شریف کے متاثرین کو کارروائی پر اعتماد ہے، کیا ارشد شریف کے ساتھی صحافی اس سے مطمئن ہیں۔پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے کہا کہ جو بھی کارروائی کی جاتی ہے کیا ان کا خاندان اس سے مطمئن ہے۔ساری کارروائی پران کے خاندان کا اعتماد ہونا بہت ضروری ہے۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ مریم نواز کا ٹوئٹ نامناسب تھا، ٹوئٹ میں بے حسی، تکبر اور غرور تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے اپنے گزشتہ ٹوئٹ پر معذرت کر لی تھی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں مریم نواز نے کہا تھا کہ میرے ٹوئٹ کا مقصد کسی کا مذاق اڑانا نہیں بلکہ ماضی سے سبق سیکھنا تھا۔مریم نواز نے کہا کہ میں ٹوئٹ کو کالعدم/ڈیلیٹ کر رہی ہوں اور اس سے متاثرہ افراد کو پہنچنے والی تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہوں جو میرا ارادہ کبھی نہیں تھا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کبھی کسی کو اس تکلیف سے نہ گزرنا پڑے، سوگوار خاندان کے لیے دعاگو ہوں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل صحافی ارشد شریف کی شہادت کی خبر سن کر مریم نواز نے توہین آمیز ٹوئٹ پوسٹ کیا تھا جو اب ڈیلیٹ ہو گیا ہے۔

مزیدخبریں