لاہور‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ جھنگ (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگاران) وزیراعلی محسن نقوی نے پی آئی سی میں امراض قلب کے مریضوں کے رش کے باعث لاہور میں دل کا ایک اور بڑا ہسپتال بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ جناح ہسپتال کی ایمرجنسی وٹراما سنٹر پراجیکٹ کی جگہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنایا جائے گا۔ ایمرجنسی وٹراما سنٹر کو جناح ہسپتال میں شفٹ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پراجیکٹ کی سائٹ کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ کے سیف سٹی پراجیکٹس مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمارتوں کی تعمیر کے ساتھ ضروری آلات کی خریداری کا عمل بروقت مکمل کیا جائے اور محکمہ تعمیرات و مواصلات عمارتوں کی تعمیر کو مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائے۔ دوسری جانب محسن نقوی نے گزشتہ روز سرکاری سطح پر پاکستان کے پہلے بڑے بائیوگیس پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے گجرکالونی رکھ چندرائے لاہور میں 6ہزار کیوبک میٹر کے بائیو گیس پلانٹ کے تعمیراتی کاموں کا آغاز کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے پراجیکٹ کا معائنہ کیا اور بائیوگیس پلانٹ کو مقررہ مدت سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ بائیوگیس پلانٹ پر 35کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ محسن نقوی نے اورنج لائن میٹرو ٹرین پراجیکٹ سے ملحقہ علاقے گجر پورہ میں ایک اور بائیو گیس پلانٹ لگانے کا اعلان کیا۔ محسن نقوی نے کہا اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ مجھ سمیت پوری ٹیم کی نیت صاف ہے، انشاءاللہ عزت کے ساتھ گھر جائیں گے۔ محکمہ اینٹی کرپشن کو اصلاحات کے ذریعے بہتر اور پہلے سے مضبوط کررہے ہیں۔ غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو واپس بھجوانے کے لئے تیاریاں مکمل ہیں۔ یکم نومبر سے غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاو¿ن کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ غیر ملکی خود چلے جائیں تو اچھا ہے ورنہ ان کو باعزت طریقے سے ان کے ملک بھجوائیں گے۔ جبکہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ٹوبہ ٹیک سنگھ شہر سے 20کلومیٹر دور تھانہ چٹیانہ اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی تھانہ چٹیانہ پہنچے تو فرنٹ ڈیسک خالی تھا، پولیس افسر اور آپریٹر غائب تھے۔ محسن نقوی نے صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ فرنٹ ڈیسک پر درخواستوں پر ہونے والی کارروائی کو خود چیک کیا۔ تھانہ چٹیانہ کی حوالات میں بند ملزموں سے ان کے کیسز کے بارے میں دریافت کیا اور تھانے میں موجود سائلین سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کئے۔ محسن نقوی چٹیانہ تھانہ کے وزٹ کے بعد رات گئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ پہنچے۔ ایمرجنسی وارڈ، میڈیکل، چلڈرن وارڈ اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔ مریضوں کی خیریت دریافت کی۔ مفت ادویات اور مفت ٹیسٹ کی سہولت کے بارے میں پوچھا۔ مریضوں نے ہسپتال میں فراہم کردہ طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہارکیا اور بتایا ادویات بھی مل رہی ہیں اور ٹیسٹ بھی ہسپتال میں ہورہے ہیں۔ محسن نقوی نے کہا عام آدمی کو معیاری علاج معالجے کی فراہمی کیلئے لاہور سمیت دور دراز کے شہروں کے ہسپتالوں کے دورے کررہا ہوں۔ ہسپتالوں میں ہیلتھ کیئر کی سہولتوں کی بہتری مشن ہے اور پوری ٹیم ملکر دن رات ایک کئے ہوئے ہے۔ جتنا بھی وقت ہے دکھی انسانیت کی خدمت میں صرف کررہے ہیں۔ عام آدمی کے دکھ کم کرنے سے دلی سکون ملتا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ کے دورے کے دوران زیر علاج مریض نے وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو بہت دعائیں دیں۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے وارڈ میں زیر علاج مریض کی خیریت دریافت کی اور مریض کا ہاتھ تھام کر مزاج پرسی کی۔ مریض نے وزیر اعلی محسن نقوی کا ہاتھ پکڑے رکھا۔محسن نقوی کی ہدایت پر پنجاب کی روایتی اور مقبول کھیلوں پر مشتمل منفرد کافی ٹیبل بک شائع ہو چکی ہے۔ وزیرا طلاعات عامر میر، سیکرٹری اطلاعات علی نواز ملک نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو ”کھیڈاں پنجاب دیاں“ کافی ٹیبل بک پیش کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کافی ٹیبل ٹیبل بک کی اشاعت پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی ثقافت کو محفوظ کرنے کے لئے ”کھیڈاں پنجاب دیاں“ محکمہ اطلاعات وثقافت کی عمدہ کاوش ہے۔ پنجاب کے کئی صدیوں پرانے کھیلوں کو تصویری اور تحریری طور پر محفوظ کرنا یاد رکھا جائے گا۔