اسلام آباد‘ لاہور (نمائندہ نوائے وقت+ کورٹ رپورٹر) انسداد دہشتگری عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر محکمہ اینٹی کرپشن لاہور کے حوالہ کردیا۔ گذشتہ روز اینٹی کرپشن لاہور حکام نے عدالت میں راہداری ریمانڈ کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیاکہ تفتیش کیلئے چوہدری پرویز الہی کو لاہور لے جانا چاہتے ہیں، اینٹی کرپشن حکام پرویز الہی کو اڈیالہ جیل سے لیکر لاہور روانہ ہوگئے۔ جبکہ پرویز الہی کو راہداری ریمانڈ کیلئے انسداد دہشتگردی عدالت پیش نہ کیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چودھری کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے اینٹی کرپشن کیس میں پرویز الٰہی کو ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کے خلاف اپیل پر کارروائی یکم نومبر تک ملتوی کر دی۔ دوسری طرف اینٹی کرپشن عدالت کے جج علی رضا اعوان نے لاہور کے ماسٹر پلان میں مبینہ بدعنوانی کیس میں ملزمان پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی، راسخ الٰہی سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں میں 15 نومبر تک توسیع کر دی۔
لاہور منتقلی کیلئے پرویز الٰہی ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے
Oct 26, 2023