سرکاری ملازمین کو اکسانے کا کیس،فواد چودھری کی استدعا منظور ، سماعت14 نومبر تک ملتوی

 اسلام آباد(آئی این پی ) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کیخلاف سرکاری ملازمین کو اکسانے کے کیس کی سماعت ایک بار پھر ملتوی کر دی گئی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے جج طاہرعباس سپرا کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی جہاں فواد چودھری اپنے وکیل فیصل چودھری کے ہمراہ پیش ہوئے۔ دوران سماعت جج طاہر عباس سپرا نے فواد چودھری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کیا حال ہیں چودھری صاحب؟ جس پر سابق وفاقی وزیر نے جواب دیا کہ بس نزلہ زکام کھانسی ہے، جج نے کہا اپنا خیال رکھا کریں چودھری صاحب، آپ بڑے لوگوں کوعزیز ہیں، آپ سب کو ہی عزیز ہیں جس پر فواد چودھری نے جواب دیا کہ بس سر کوشش ہے اپنا خیال رکھنے کی۔ فواد چودھری نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ میں فیصلہ آگیا ہے، کیس ختم ہو گیا ہے، 13 نومبر کو الیکشن کمیشن میں سماعت مقرر ہے، کیس کی سماعت 14 نومبر تک ملتوی کر دیں۔ بعدازاں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے فواد چودھری کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 14 نومبر تک کے لیے ملتوی کردی۔ 

ای پیپر دی نیشن