پشاور (نوائے وقت رپورٹ) افغانستان کے قونصل جنرل حافظ محب اللہ شاکر نے کہا ہے کہ امارت اسلامی نے فتویٰ جاری کیا کہ پاکستان میں حملہ جہاد نہیں۔ قونصل جنرل حافظ محب اللہ شاکر کا کہنا تھا کہ اشرف غنی دور میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے لوگ افغانستان گئے تھے۔ افغان وزیردفاع نے واضح کیا کہ پاکستان پر حملے جہاد نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ واضح کرنا چاہتے ہیں افغانستان سے پاکستان کے خلاف کوئی اقدام نہیں ہوگا۔ افغان مہاجرین سے متعلق پاکستان کے فیصلہ پر اعتراض نہیں لیکن افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے مناسب طریقہ کار اپنانا ہوگا۔ افغان قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ معاملات سمیٹنے کیلئے مہاجرین کو وقت دیا جائے تو بہتر ہوگا۔ واپس جانے والے افغانوں کیلئے ابتدائی امداد کا بندوبست کیا ہے۔ افغانستان میں امن ہے، لوگ اپنا کاروبار جاری رکھ سکتے ہیں۔ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کا پہلا مرحلہ یقیناً سخت ہے۔