لاہور+اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ غزہ میں انسانیت کا قتل عام جاری رہا تو دنیا تیسری عالمی جنگ کی لپیٹ میں آسکتی ہے۔ عالمی برادری اپنا کردار ادا کرتے ہوئے اسرائیل سے فوری جنگ بندی کرائے۔ امریکا کی اسرائیلی پشت پناہی سے صیہونی ریاست کے توسیع پسندانہ عزائم کو تقویت مل رہی ہے۔ جماعت اسلامی واشنگٹن کے اقدامات کے خلاف اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ کے سامنے اتوار کو غزہ مارچ کا انعقاد کرے گی۔ علما و شیوخ ارض مقدس کی آزادی اور فلسطینی عوام کو مظالم سے نجات دلانے کے لیے اپنا دینی فریضہ انجام دیں، مظاہرہ میں شرکت یقینی بنائیں۔ حکومت 25کروڑ پاکستانیوں کی حقیقی ترجمانی کرے، ادھر ادھر دیکھنے کی بجائے مظلوموں کی حمایت میں عملی اقدامات کیے جائیں، دفاع فلسطین فنڈ کے قیام اور اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا جائے۔ پاکستان کے لیے مسئلہ فلسطین کی اہمیت قائداعظم محمد علی جناح کے دوٹوک اعلان سے واضح ہے، مسجد اقصیٰ کی آزادی ملک کے نظریہ اور وجود سے منسلک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”غزہ ہمارا منتظر“ کے عنوان کے تحت منصورہ میں ہونے والی فلسطین کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ میزبانی کے فرائض انجام دیتے ہوئے نائب امیر لیاقت بلوچ نے مشترکہ اعلامیہ پیش اور جماعت اسلامی کی جانب سے فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کا ذکر کیا۔ مقررین نے مسئلہ فلسطین کے حق میں اتحاد امت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مشترکہ اعلامیہ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔سراج الحق نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی قراردادوں اور بیانات سے حل نہیں ہوگا، اس کے لیے انہیں متحد ہوکر جاندارانہ موقف اپنانا اور عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ اسرائیل دہائیوں سے فلسطینیوں کو نشانہ بنا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا اگر اپنے دس فیصد وسائل بھی فلسطینیوں کو دے دیں تو مسجداقصیٰ آزاد ہوجائے گی۔ ان کا کہناتھا کہ گریٹر اسرائیل کے منصوبے میں پڑوسی اسلامی ممالک بھی شامل ہیں، یہ ایران اور پاکستان کے لیے بھی خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پوری تندہی سے فلسطین کا مقدمہ لڑرہی ہے۔ قومی فلسطین کانفرنس میں جید علماءو مشائخ نے امیرجماعت اسلامی سراج الحق کی میزبانی و صدارت میں شرکت کی اور مشترکہ اعلامیہ پر اتفاق کرتے ہوئے اعلان کیاکہ علماءمشائخ کی قومی فلسطین کانفرنس ارض فلسطین پر غزہ اور مغربی کنارے پر حالیہ اسرائیلی جارحیت اور فلسطین میں اسرائیلی مسلسل بمباری اور انسانوں کے بے دریغ قتل عام سے جنم لیتے انسانی المیے پر عالمی طاقتوں کی مجرمانہ، متعصبانہ کردار اور چشم پوشی پر شدید احتجا ج کرتا ہے۔ غزہ سے فلسطینیوں کا جبری انخلاءانسانیت کے خلاف خوفناک جرائم کاعکاس ہے۔ عالمی برادری ظلم کی حمایت اور چشم پوشی کی بجائے غزہ پر بمباری، زمینی آپریشن،محاصرے اور جبری انخلاء کو روکے، اسرائیل پر اقتصادی پابندیاں عائد کی جائیں۔ انسانیت کے دنیا بھر میں انسانی حقوق کے ہمدرد اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔اقوام متحدہ اور عالمی ادارے سے بالخصوص انسانی حقوق کے علمبردار اسرائیل کو جنگی جرائم سے روکیں۔ پوری دنیا میں فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف ایک دن فلسطین ڈے کا اعلان کیا جائے اور فلسطینی بچوں پر ظلم جبر مسلط تباہی کے خلاف دنیا بھر کے بچوں کیلئے بھی احتجاج کے ایک دن کا اعلان کیا جائے، یہ عمل دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑے گا۔سراج الحق غزہ مارچ کی قیادت کریں گے۔ امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے اسلام آباد کے شہریوں سے ہر طرح کے تعصبات سے بالاتر ہو کر غزہ مارچ میں شرکت کی اپیل کی ہے۔ مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں اسلام آباد کے ضلعی‘ زونل اور یونین کونسل کے عہدیداروں کو اہداف دیئے گئے ہیں۔