حکومت ایڈز پر قابو پانے کے لئے پرعزم ہے، ڈاکٹر ندیم جان

اسلام آباد(خبرنگار)نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ حکومت ایڈز پر قابو پانے کے لئے پرعزم ہے، یکم دسمبر کو ایڈز کا عالمی دن پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گاان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ ایڈز ڈے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں کامن مینجمنٹ یونٹ، اے پی ایل ایچ آئی وی، یو این ایڈز، یونیسیف، یو این ڈی پی، یو این ایف پی اے اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں نے شرکت کی انہوں نے کہا کہ ایچ آئی وی کا پھیلنا عام طور پر غیر محفوظ انجکشن کے طریقوں، غیر محفوظ جنسی تعلق، استعمال شدہ سرنجوں کی وجہ سے ہوتا ہے۔ڈاکٹر ندیم نے کہا کہ ہم 2019میں لاڑکانہ، رتوڈیرو (سندھ)کی طرح ایچ آئی وی کی ایک اور وبا نہیں دیکھنا چاہتے، حکومت ایڈز پر قابو پانے کے لئے پرعزم ہے، ہمارا کام اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ہر عمر، جنس اور آبادی کے گروپوں کے لوگوں کو جدید ترین سائنس کی بنیاد پر زندگی بچانے والی ایچ آئی وی کی روک تھام اور علاج معالجہ کی سہولیات تک مساوی رسائی حاصل ہوانہوں نے کہا کہ ایڈز کا عالمی دن ایچ آئی وی کے ساتھ رہنے والے افراد کی حمایت اور یکجہتی کا اظہار کرنے کا وقت ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس میں دستیاب وسائل کے بارے میں معلومات فراہم کرنا، امدادی گروپوں کی فراہمی اور ایچ آئی وی سے متاثرہ لوگوں کے حقوق اور فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا شامل ہوسکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن