پراسرار حویلی (تبصرہ)

یہ کتاب اپنے نام کی طرح اسرار وتجسس سے بھرپور ایک کہانی ہے۔ یہ بچوں کے ادب کے لکھاری ڈاکٹر محمد افتخار کھوکھر کی تصنیف ہے۔ عام طور پر تجسس اور پر اسرار واقعات سے بھر پور کہانیوں میں بچوں کی تربیت واصلاح کا فقدان ہوتا ہے یا پھر اسرار وتجسس کے نقطہ نظر سے لکھی گئی کہانیاں بچوں کو جرائم کی راہ پر لے جاتی ہیں لیکن دارالسلام کو اس بات کا کریڈٹ جاتا ہے کہ اس کی شائع کردہ کتابوں میں بچوں کے لیے اسرار وتجسس بھی ہے اسلامی معلومات بھی ہوتی ہیں ، اصلاح وتربیت اور سچائی وصداقت کا بھی بھر پور اہتمام ہوتا ہے۔ جیسا کہ پیش نظر کتاب ’ پراسرار حویلی‘ ہے۔ یہ کتاب ایک حویلی کے گرد گھومتی ہے جو کسی وقت میں آباد تھی۔ ایک باپ، دو بیٹوں اور دیگر اہل خانہ پر مشتمل ایک خاندان اس حویلی میں پیارو محبت کے ساتھ رہ رہا تھا لیکن پھر اس کے مکین ایک دوسرے کو دیکھ کر حسد کی آگ میں جلنے لگے۔ یہی حسد گھر کی خواتین کو جادو ٹونہ کرنے والے آستانوں پر لے گیا۔ پھر ایک وقت آیا جب جادو کی نحوست سے یہ خاندان بکھر گیا، حویلی اجڑ گئی اور نشان عبرت بن گئی۔ یہاں سے تہ در تہ خوفناک واقعات رونما ہونے لگے۔ حقیقت یہ ہے کہ ہمارے ارد گرد کا ماحول ایسے جھوٹے عاملوں سے بھرا پڑا ہے جو شیطان کے ساتھی ہیں، شیطان کی مدد سے لوگوں کو جادو میں مبتلا کرتے ہیں۔ شیطان ایسے لوگوں کی مدد کرتا ہے جو اللہ کی نافرمانی کرتے ہیں۔ ان پڑھ ہی نہیں، اچھے خاصے پڑھے لکھے لوگ بھی ان جعل ساز فقیروں، نقلی پیروں اور کالے جادو کاعلم رکھنے والے عاملوں اور نجومیوں کے ہتھے چڑھ کر آخرت اور دنیا دونوں برباد کر لیتے ہیں۔ ان لوگوں کے شیطانی حربوں نے لوگوں کے دلوں کو نفرت سے بھر دیا ہے۔ گھروں سے اطمینان اور سکون رخصت ہو گئے ہیں۔ لڑائی جھگڑے اور بے رخی عام ہوگئی ہے۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا اس فساد کا کوئی علاج بھی ہے۔ اگر ہم غور کریں تو ہر بیماری کا علاج، ہر مسئلے کا حل ہمیں اللہ تعالیٰ نے ضرور عطا کیا ہے۔ جادو ٹونے کا حل بھی قرآن وسنت میں ہمارے پاس موجود ہے۔ اگر ہم قرآن وسنت کی حفاظتی تدابیر پرعمل کریں تو نہ صرف جادو اور شیطانی وسوسوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہم پر محافظ بھی مقرر کر دیے جاتے ہیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ ہم وہم کا علاج جادو کے ذریعے سے کر تے ہیں۔ جھوٹے عاملوں، جعلی پیروں اور نجومیوں کے آستانے لوگوں سے بھرے ہوئے ہیں نادان لوگ اپنے ہی رشتوں کو، اپنے ہی پیاروں کو جادو کی بھینٹ چڑھانے کے لیے چلے آتے ہیں۔ شیطان کے ساتھیوں نے دنیا میں دکھ پھیلا دیے ہیں ان دکھوں کا بس ایک ہی علاج ہے اللہ کی طرف اپنا رخ موڑا جائے۔ یہ کتاب ’پر اسرار حویلی‘ ہمیں یہی پیغام دیتی ہے کہ حسد و بغض واضح تباہی و بربادی کا راستہ ہے اور اس سے بچاو¿ صرف قرآن کی طرف رجوع میں ہے۔ کتاب میں جادو کی مختلف اقسام، جادو اور اس کے اثرات اور جادو سے بچاو¿ کی تدابیر بیان کی گئی ہیں۔ گویا یہ کتاب محض ایک کہانی ہی نہیں بلکہ قرآن وحدیث کی روشنی میں جادو ٹونے سے بچاو¿ کے لیے رہنما کتاب ہے۔ اس وقت جعلی عاملوں، پیروں، فقیروں نے جس طرح سے معاشرے میں پنجے گاڑ رکھے ہیں اور لوگوں کے ایمان، مال اور عزتیں برباد کررہے ہیں، ان حالات میں اس کتاب کا مطالعہ بچوں کے ساتھ ساتھ بڑوں کے لیے بھی بے حد مفید ہوگا ان شاءاللہ۔ آرٹ پیپر 4کلر کے ساتھ طبع شدہ اس کتاب کی 670روپے ہے۔ یہ کتاب دارالسلام انٹرنیشنل، لوئر مال ، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ، لاہور سے حاصل کی جاسکتی ہے یا کتاب گھر بیٹھے حاصل کرنے کے لیے 042-37324034 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن