وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انتشار کے کارکنان نے ملزمان کو فرار کرانے کیلئے قیدیوں کی وینز پر حملہ کیا،حملہ کرنے والے 25 سے زائد ملزمان ہیں، ان سب کو قرارواقعی سزا دی جائے گی، اگر 9 مئی کے ملزمان کو سزا ملی ہوتی تو کسی کو ایسے حملے کرنے کی جرات نہ ہوتی۔ انہوں نے نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انتشار کے کارکنان نے قیدیوں کی وینز پر حملہ کیا، گرفتار ملزمان جن کو اٹک جیل لے جایا رہاتھا، ان کو فرار کرانے کی ناکام کوشش کی گئی، قیدیوں کی وین پر سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حملہ کیا گیا، اس کے نتیجے میں گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں، خیبرپختونخواہ کے ایم پی اے لیاقت خان کے بیٹے کو گرفتار کیا گیا، دو گاڑیاں ، چار افراد اور دو ہتھیار قبضے میں لئے گئے ہیں، ان کی ایک تاریخ ہے، 9 مئی کودفاعی تنصیات پر حملہ کیا، دھرنا دیتے ہیں تو پی ٹی آئی پر حملہ کرتے ہیں۔ سنگجانی ٹال پلازہ پر جیسے ہی گاڑیوں کی رفتار کم ہوئی تو ملزمان نے حملہ کردیا، اور82 ملزمان کو فرار کرانے کی کوشش کی گئی ، پولیس نے تمام فرار قیدیوں کو حراست میں لے لیا ہے، 2پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ حملہ کرنے والوں کیخلاف سخت کاروائی کی جائے گی، مثال سیٹ کی جائے گی کہ آئندہ کوئی بھی کسی ملزم کو فرار کرانے کی کوشش نہ کرے۔ ٹال پلازے کی ساری سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہیں، پی ٹی آئی نے مضحکہ خیز کہانی بنانے کی کوشش کی۔ یہ کریمنل گینگ کی طرح منصوبہ بنایا گیا۔ ان کا منصوبہ ناکام رہا ، حملے میں جو بھی ملوث تمام ملزمان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ آج اگر 9 مئی کے ملزمان کو سزا ملی ہوتی تو کسی کو ایسے حملے کرنے کی جرات نہ ہوتی۔ حملہ کرنے والے 25 سے زائد افراد ہیں، ان سب کو گرفتار کیا جائے گا۔ ان سب کو قرارواقعی سزا دی جائے گی، تاکہ آئندہ کوئی ایسی جرات نہ کرے۔