گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ اورگجرات ڈویژن میں 28اکتوبر تا یکم نومبر انسداد پولیو مہم کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ پانچ سال تک عمر کے 32لاکھ بچوں کی ویکسی نیشن کے لئے مائیکرو پلان کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ یہ تفصیلات انہوں نے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو مہم کے اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے بتائیں۔ کمشنر گوجرانوالہ نے بتایا کہ چھ اضلاع میں کل 667یونین کونسلوں میں بچوں کی ویکسی نیشن کی جائے گی۔ سو فیصد بچوں کی کوریج یقینی بنانے کیلئے موبائل ٹیموں کے ساتھ ٹرانزٹ ٹیمیں اور فکسڈ ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جنکی ٹریننگ مکمل کر لی گئی ہے۔ دریں اثنا کمشنر نے گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری سرگرمیوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔