سری نگر (آئی این پی + کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 2 کشمیری شہید ہوگئے۔بارہمولا میں فوجی گاڑی پر فائرنگ سے 3بھارتی فوجیوں سمیت 5افراد ہلاک‘ 3اہلکار زخمی ہوگئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے ضلع بارہ مولا میں سرچ آپریشن کی آڑ میں داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے گھر گھر تلاشی لی۔بھارتی فوج نے چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا۔ خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی اور بزرگوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس دوران انٹرنیٹ سروس بھی بند رہیں۔علاقے میں ایمبولینس کو بھی جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ بھارتی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ جس کے نتیجے میں 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔بارہ مولا میں فوجی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں مرنے والوں میں 2شہری بھی شامل ہیں جو فوج کیساتھ بطور رپورٹر کام کرتے تھے۔دوسری جانب گلمرگ میں مسلح افراد نے ایک غیر مقامی مزدور پریتم سنگھ کو نشانہ بنایا جو شدید زخمی ہوگیا۔ مزدور کا تعلق اترپردیش تھا۔ سرینگر کے علاقے چھتہ بل کے قریب دریاء جہلم سے ایک نامعلوم شخص کی نعش برآمد ہوئی ہے۔ مقبوضہ جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے نئی دہلی میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ہے۔ وزیر اعظم کے دفتر نے سوشل میڈیا ایکس پر ملاقات کی تصویر جاری کی ہے۔ عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر ریاست کو اس کی اصل شکل میں بحال کرنے س متعلق کابینہ کی قرارداد وزیر اعظم کو پیش کی۔