شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) شیخوپورہ کے حلقہ پی پی 139کے ضمنی انتخابات میں 11امیدوارو ں نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے جس کے مطابق سلطان محمود بھٹی، اعجاز حسین، رانا طاہر اقبال، معمر حسنیٰ رسول، طارق محمود، میاں عبدالرئوف، سعدیہ رئوف، محمد فاروق الحسن، صغیر احمد، ملک نوید محمود اور علی اصغر چوہدری شامل ہیں۔ اس حلقہ میں 5دسمبر کو ضمنی الیکشن ہو گا۔ اس حلقہ میں اسی سال میں یہ دوسرا ضمنی الیکشن ہے۔ عام انتخابات میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کامیاب ہوئے تھے مگر انہوں نے قومی اسمبلی کی نشست برقرار رکھتے ہوئے صوبائی اسمبلی کی نشست چھوڑ دی تھی جس کے بعد مسلم لیگ ن نے رانا تنویر حسین کے بھائی رانا افضال حسین کو ٹکٹ جاری کیا جنہوں نے پہلا ضمنی الیکشن بھاری اکثریت سے جیت لیا تھا مگر بدقسمتی سے وہ انتقال کر گئے۔ اس الیکشن میں رانا تنویر حسین کے قریبی عزیز رانا طاہر اقبال اور آزاد امیدوار سابق ایم پی اے میاں عبدالروئوف کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ تاہم اس حلقہ میں ٹی ایل پی کا بھی ووٹ بنک بھی بڑی تعداد میں موجود ہے۔