جان ومال کی حفاظت، سہولتوں کی فراہمی حکومتی ذمہ داری: گورنر،چیف سیکرٹری کی ملاقات

Oct 26, 2024

لاہور+ چنیوٹ (نیوز رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے  ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت اور انہیں سہولتیں مہیا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کر کے لوگوں کے لیے آسانی پیدا کریں۔ بعد ازاں، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گورنر ہاوس لاہور میں ایجاد لیبز کے زیر اہتمام آئی ٹی فورم میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں ترقی سے ملک میں زیادہ زرمبادلہ آئے گا اور معاشی ترقی ہو گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ارفع کریم نے دنیا میں آئی ٹی کے شعبے میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ ارفع کریم کے والد امجد کریم رندھاوا کو نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم دینے، اظہر اقبال کو آئی ٹی انٹرپرینیورشپ، محمد فصیح مہتا کو گیمنگ اور اینیمیشن کے شعبے میں نمایاں خدمات پر ایوارڈز سے نوازا گیا جبکہ عمر محمد کو مختلف صنعتوں میں آپریشنز کو وسعت دینے، یاسر شوکت کو ویب ڈویلپمنٹ، اے آئی اور بلاک چین میں مہارت، انس گیلانی کو وزارت تعلیم کے ساتھ مل کر نیشنل پورٹل (etaleem.gov.pk) جیسے اہم منصوبوں کی عالمی ٹیموں کے ساتھ مل کر قیادت کرنے سمیت دیگر کو آئی ٹی کے شعبے میں نمایاں خدمات پر ایوارڈز سے نوازا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے ڈسٹرکٹ بار چنیوٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وکلاء برادری نے ہمیشہ آئین وقانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد کی۔

مزیدخبریں