لاہور (نیوزرپورٹر) قاسم علی شاہ فاؤنڈیشن میں معروف وکیل اور مصنف صاحبزادہ اشرف عاصمی ایڈووکیٹ کی کتاب ’’من کی نگری‘‘ کی تقریب پذیرائی کا انعقاد کیا گیا، جس میں علم و ادب اور شعبہ قانون سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں نوائے وقت کے چیف نیوز ایڈیٹر دلاور چودھری، شاہد نذیر چودھری، عابد حسین قریشی، راشد محمود، افتخار احمد عثمانی، ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم، سعدیہ ہما شیخ ایڈووکیٹ، علی احمد کیانی ایڈووکیٹ، علی عمران شاہین، پیر مظاہر ہاشمی، علی عباس، قاضی سعد اختر، پروفیسر ندیم احمد اشرفی، شہزاد روشن گیلانی، اور پیر عمر اشرف عاصمی، محمد احمد رضا، میاں محمد اعظم نے اظہار خیال کیا۔ نوائے وقت کے چیف نیوز ایڈیٹردلاور چودھری نے اپنے خطاب میں کہا صاحبزادہ اشرف عاصمی نے معاشرتی اصلاح کا پیغام عام کیا ہے۔ ان کی تحریر نوجوان نسل کیلئے رہنما ہے اور معاشرتی بیداری کا ذریعہ ہے۔ کتاب دوستی سے ہی معاشرتی رویوں میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔ دیگر مقررین کتاب اور صاحب کتاب کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس موقع پر صاحب کتاب اشرف عاصمی ایڈووکیٹ کو من کی نگری کی اشاعت پر مبارکباد دی اور اس اہم موضوع پر کتاب کی اشاعت کو سراہا۔مقررین نے کہا انسان کی کامیابی اللہ کی یاد سے جڑنے اور دل کو پاک و صاف رکھنے میں ہے۔ اس کیلئے معاشرے کو باہم محبت کا جذبہ عام کرنا ہو گا۔ نفرتوں اور کدورتوں کو دور کرنا ہو گا۔
مصنف صاحبزادہ اشرف عاصمی ایڈووکیٹ کی کتاب ’’من کی نگری‘‘ کی تقریب پذیرائی
Oct 26, 2024