اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) آئی ایس پی آر کے مطابق اتحادی ممالک کے مختلف ایئر چیفس، اعلیٰ فوجی حکام نے مشق انڈس شیلڈ 2024ء کے میگا ایونٹ میں شرکت کی۔ مشق میں پاک فضائیہ کی اعلیٰ ملٹی ڈومین میں جنگی صلاحیتوں کو اجاگر کیا گیا۔ مشق کے ذریعے دنیا بھر میں فضائی افواج میں تعاون کی اہمیت کو مزید تقویت دی گئی۔ سربراہ پاک فضائیہ ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے سری لنکا کی فضائیہ کے کمانڈر ائیرمارشل نے ملاقات کی۔ سری لنکن فضائیہ کے کمانڈر مشق انڈس شیلڈ 2024 کے مشاہدہ کے لئے پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی کے تناظر میں آپریشنل امور سے متعلق موضوعات پر گفتگو کی گئی۔ ائیر ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے سری لنکن فضائیہ کے کمانڈر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ملاقات میں سربراہ پاک فضائیہ نے ایئرفورس کی آپریشنل اور فورس کے اہداف پر تبادلہ خیال کیا۔ ائیر چیف نے فوجی تعاون، تربیتی شعبوں میں موجود دو طرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے سری لنکا کی فضائیہ کی استعداد کار میں اضافے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سری لنکا کی فضائیہ کے کمانڈر نے پی اے ایف کی ملکی ترقی میں کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے پی اے ا یف کی موجودہ قیادت میں بیلسٹک جنریشن کی فضائیہ میں سٹرٹیجک تبدیلی اور پی اے ایف اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
انڈس شیلڈ مشق میں اتحادی ممالک کے ائرچیفس، اعلیٰ فوجی حکام نے شرکت کی
Oct 26, 2024