لاکھوں کی وارداتیں، اہل خانہ کو یرغمال بنا کر کئی گھروں میں لوٹ مار

لاہور (نامہ نگار) ڈاکوؤں اور چوروں نے متعدد شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور دیگر سامان سے محروم کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے گرین ٹاؤن کے علاقے میں عاقب کے گھر گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر 5لاکھ 85 ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیوارات، موبائل فون اور دیگر سامان، نصیر آباد کے علاقے میں عتیق اور اس کی فیملی سے اسلحہ کے زور پر 4لاکھ 80ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون، سول لائن کے علاقے میں علی سے 65ہزار اور موبائل فون، گلشن راوی کے علاقے میں بابر سے ڈاکو 98ہزار روپے اور موبائل فون، گجر پورہ میں نعمان 75ہزار روپے اور موبائل فون، فیکٹری ایریا کے علاقے میں نذیر سے40ہزار نقدی اور موبائل فون، لٹن روڈ کے علاقے میں تصور سے 25ہزار نقدی اور موبائل فون، شاہدرہ کے علاقے میں منیر سے 17ہزار روپے نقدی اور موبائل فون لوٹ لیا۔ ڈیفنس، جوہر ٹاؤن اور نواں کوٹ کے علاقوں میں سے 3 گاڑیاں، مزنگ کے علاقے میں سے رکشہ جبکہ ہڈیارہ، گڑھی شاہو، ٹاؤن شپ، کاہنہ، داتا دربار، راوی روڈ، رائیونڈ سٹی اور مناواں کے علاقوں میں سے سے 8موٹر سائیکلیں لے گئے۔

ای پیپر دی نیشن