اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کا ہمسایہ، پڑوسی اور برادر اسلامی ملک ہے، پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستانہ، اقتصادی، تجارتی اور عسکری و سکیورٹی تعاون موجود ہے۔ گزشتہ روز ایرانی سفارتخانے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ایران نے ہمیشہ کڑے وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، دونوں ممالک کے مابین بین الاقومی فورمز ہر تعاون موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ کشیدہ ترین صورتحال میں ایران کو کسی سے مدد کی ضرورت نہیں ہے، ہم گذشتہ ایک برس سے اسرائیل، امریکہ، یورپ اور دنیا کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، امریکہ سے عسکری ٹکراؤ نیا نہیں۔ گذشتہ ایک برس سے فلسطین و لبنان جنگوں کی صورت میں جاری ہے۔ فلسطین، لبنان میں ہونے والی جنگ دراصل کفر و اسلام کی جنگ ہے۔ فلسطین و لبنان کا قضیہ صلیبی و صہیونی کی اسلام کے ساتھ جنگ ہے۔ مسئلہ فلسطین کا دو ریاستی حل خواب نہیں سراب ہے، جس کی کوئی حیثیت نہیں۔ فلسطین دراصل فلسطینی عوام کا ہے وہی اس کے وارث ہیں۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت پر عالمی و ملکی عدالتوں میں کیسز رجسٹرڈ ہیں۔ جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے حوالے سے ٹرمپ کے خلاف قانونی جنگ لڑ رہے ہیں، ہم ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف کیسز پر پیش رفت کر رہے ہیں، ہم انٹرنیشنل کرمینل کورٹ اور ملکی عدالتوں میں ٹرمپ کے خلاف کیسز کی بھرپور پیروی کر رہے ہیں۔ ان شاء اللہ ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف کیسز پر جلد فیصلے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے حالیہ لیک شدہ حساس کیبلز و دستاویزات ایران کو دھوکہ دینے کے لیے بھی ہو سکتی ہیں۔ ایران کے عسکری ڈاکٹرائن میں جوہری ہتھیاروں کا استعمال نہیں ہے۔ ایران جوہری ہتھیار نہیں بنائے گا، تاہم اسرائیل کی جانب سے جوہری جارحیت بعید از قیاس نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل سے کچھ بعید نہیں کہ وہ ایران کے خلاف ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال کرے تاہم ایرنی عسکری قیادت اعلان کر چکی ہے کہ اسرائیلی جارحیت کا سخت ترین جواب دیا جائے گا۔