اسلام آباد+ واشنگٹن (نمائندہ خصوصی+ این این آئی) وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کی مالیاتی لاگت کم ہو رہی ہے جس سے قرض ادائیگی کے اخراجات کم ہوں گے۔ پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے بھرپور مواقع میسر ہیں، حکومت اصلاحات کے جامع ایجنڈا پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے موسم بہار کے سالانہ اجلاس کے موقع پر واشنگٹن ڈی سی میں مختلف ملاقاتوں، تقاریب اور سرگرمیوں کے دوران کیا۔ وزیر خزانہ نے سٹی بینک، سٹینڈرڈ چارٹرڈ اور جے پی مورگن کی جانب سے منعقدہ سرمایہ کار فورمز میں شرکت کی اور گزشتہ مالی سال میں پاکستان کی معیشت کی کارکردگی کے بارے میں سرمایہ کاروں کو تفصیل سے آگاہ کیا۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ معاشی استحکام کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے نتیجہ میں کلیدی معاشی اشاریے درست سمت میں گامزن ہیں۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ ٹیکس، توانائی، سرکاری اداروں میں بہتری، نجکاری اور حکومتی ڈھانچے کو کم کرنے کے حوالے سے اہم اصلاحات پر عمل درآمد ہورہا ہے ، حکومت مجموعی قومی پیداوار کے تناسب سے ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ وزیرخزانہ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں عملہ، عمل اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں اصلاحات کا ذکر کیا۔ انہوں نے اس موقع پر چینی آئی پی پیز کے ساتھ بجلی کی خریداری کے معاہدوں پر مذاکرات، خصوصی اقتصادی زونز اور خود مختار ویلتھ فنڈ کے بارے میں سرمایہ کاروں کے مختلف سوالات کا جواب بھی دیا۔ اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر سے ملاقات میں وزیرخزانہ نے پاکستان کی ترقی میں اسلامی ترقیاتی بنک کے کردار کو سراہا اور توانائی، ٹرانسپورٹ، تعلیم اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں بنک کی سرمایہ کاری کی تعریف کی۔ انہوں نے سعودی وزیر سرمایہ کاری کے حالیہ دورہ پاکستان کا بھی ذکر کیا جس میں نجی شعبے کے ساتھ بزنس ٹو بزنس تعلقات کو فروغ دیا گیا۔ وزیرخزانہ نے مہمند ڈیم کی تعمیر میں اسلامی ترقیاتی بینک اور عرب کوارڈی نیشن گروپ کے دیگر ارکان کی سرمایہ کاری کو سراہا اور اس کو بڑے اور مزید مشترکہ منصوبوں کے لیے ایک کامیاب مثال قرار دیا۔ وزیر خزانہ نے یو ایس پاکستان بزنس کونسل (یو ایس پی بی سی) کی قیادت اور اراکین کے ساتھ ظہرانے میں ملاقات کی۔ انہوں نے امریکی کمپنیوں کو حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے فراہم کردہ ون ونڈو سہولت سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔ وزیر خزانہ نے محترمہ بیئرڈ کو ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے تعاون سے شروع کیے جانے والے مشترکہ ملکی وسائل کی متحرک کاری کے اقدام کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے چار سال کے لیے پرفارمنس فار رزلٹس اور انویسٹمنٹ پروجیکٹ فنانسنگ آلات پر کوئی کمٹمنٹ فیس نہ لگانے کے بورڈ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ وزیر خزانہ نے اس بات کی تعریف کی کہ عالمی بینک منصوبے کی تیاری کے لیے گرانٹ سہولت پر غور کر رہا ہے ۔ وزیر خزانہ نے معاشی استحکام، مالیاتی نظم و ضبط کے اقدامات اور بیرونی اکاؤنٹ کی صورتحال پر تازہ ترین معلومات فراہم کیں۔