اسحاق ڈار کی وزیر خارجہ گھانا، سنگاپور سے ملاقاتیں، مزید تعاون کے فروغ پر اتفاق 

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ساموا میں دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے اجلاس (سی ایچ او جی ایم) کے موقع پر جمہوریہ گھانا کی وزیر برائے خارجہ امور اور علاقائی یکجہتی شرلی ایورکر بوٹچوی سے ملاقات کی۔ ترجمان دفترخارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد اور بین الاقوامی سطح پر تعاون پر مبنی دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیم میں مزید تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ نائب وزیراعظم نے گھانا کو اسلام آباد میں ایک ریذیڈنٹ مشن کھولنے کی پیشکش دی۔  سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مشیر برائے امور خارجہ بنگلہ دیش محمد توحید حسین کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کی۔ اعلیٰ سطح پر ڈائیلاگ بالخصوص تجارت، ثقافتی تبادلے اور عوام کے درمیان رابطوں کے شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ فریقین نے مختلف کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن سے دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔ دوطرفہ تعلقات کی صورتحال کا جائزہ لیا اور دوطرفہ تعاون اور بات چیت کو وسیع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔ فریقین نے مختلف علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ابھرتے ہوئے عالمی چیلنجوں کا مربوط جواب تیار کرنے کے لیے جامع علاقائی نقطہ نظر کی ضرورت کو اجاگر کیا۔

ای پیپر دی نیشن