بانی پی ٹی آئی کیخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ پاکستانی عدالتوں نے کرنا ہے: امریکہ

واشنگٹن (آئی این پی) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ  بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ پاکستانی عدالتوں نے ملکی قوانین اور آئین کے مطابق کرنا ہے۔ صدر جو بائیڈن کو  اراکین کانگریس کی جانب سے لکھے گئے خط پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے پریس بریفنگ کے دوران صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ ہم اس بات کو پہلے بھی دوہرا چکے ہیں بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف قائم کئے گئے تمام مقدمات کا فیصلہ پاکستانی عدالتوں نے ہی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی جمہوری اصولوں، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کے احترام کا مطالبہ کرتے رہتے ہیں۔ انسانی حقوق امریکا اور پاکستان کے تعلقات کا ایک اہم جزو ہیں۔ ہم دیگر ممالک کی طرح پاکستان سے بھی ان مسائل پر باقاعدگی سے بات کرتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن