امریکہ کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کی تجویز شیئر کر دی: وزارت خارجہ 

اسلام آباد (وقائع نگار) پاکستان نے امریکہ کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کی تجویز شیئر کر دی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کو بتایا گیا ہے کہ ممکن ہے اس سے متعلق جلد جواب آ جائے۔ وفاقی حکومت نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کے لیے سابق اور موجودہ پارلیمنٹیرینز، سینیٹرز اور ریٹائرڈ یا حاضر سروس آرمی آفیشلز سمیت ڈاکٹرز پر مشتمل وفد امریکہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے وفد بھیجنے کے فیصلے کی منظوری دے دی۔ جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحتیابی اور وطن واپسی سے متعلق فوزیہ صدیقی کی درخواست پر سماعت کی۔ وزارت خارجہ کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ وزارت خارجہ نے امریکہ کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کی تجویز شیئر کر دی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ پریزنر ٹرانسفر ایگریمنٹ کی تجویز پر کب تک جواب آ جائے گا؟۔ نمائندہ وزارت خارجہ نے کہا کہ ممکن ہے کہ اس سے متعلق جلد جواب آ جائے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحت کی جانچ کے لیے پاکستان سے ڈاکٹرز پر مشتمل وفد بھجوانے کا بھی فیصلہ ہوا ہے۔ عافیہ صدیقی کی بہن پٹیشنر فوزیہ صدیقی بھی وفد کے ہمراہ امریکا جائیں گی۔ عدالتی معاون زینب جنجوعہ نے کہا کہ ڈاکٹر فوزیہ کی استدعا اور میرا بھی یہی خیال ہے کہ عافیہ صدیقی کا میڈیکل چیک اپ کروایا جائے، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور فیملی کی درخواست ہے کہ عافیہ صدیقی کے لیے ڈاکٹرز پاکستان سے بھیجے جائیں۔ 

ای پیپر دی نیشن