کسی بھی قیمت پر اپنے شہریوں کو قربان کرنے کے حق میں نہیں: چینی سفیر

اسلام آباد  (خبرنگارخصوصی)  پاکستان میں تعینات چینی سفیرجیانگ ڑی ڈونگ نے کہا ہے کہ پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)  کا انعقاد انتہائی کامیاب رہا ہے جس پر پاکستان مبارکباد کا مستحق ہے۔ اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چینی سفیرجیانگ ڑی ڈونگ نے کہا کہ چار ماہ کے اندرچین اور پاکستان کے رہنماؤں کی دوبارہ ملاقات ہمارے قریبی تعلق کا اظہار ہے۔ چینی وزیراعظم کے دورے میں متعدد اہم ایم او یوز پردستخط ہوئے، چینی وزیراعظم نے وزیراعظم شہبازشریف کے ہمراہ گوادر کے جدید ائیرپورٹ کا افتتاح کیا، چینی وزیراعظم نے ملاقاتوں میں چینی شہریوں کے تحفظ اور سکیورٹی کے معاملات پر بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ چین کی خواہش ہے کہ چینی شہریوں پر حملوں میں ملوث افراد کیفرکردار تک پہنچیں، پاکستان میں دہشتگردی کا شکار ہونے والے چینی شہری معصوم ہیں، چینی شہری پاکستان کی ترقی کیلیے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ چینی سفیر نے کہا کہ ملاقاتوں میں چینی رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیاکہ وہ دہشتگردی کوجڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ چینی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی رہنماؤں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ چینی شہریوں پرحملوں کی بھرپورتحقیقات کریں گے۔ چینی سفیر کا کہنا تھا کہ دہشتگردی سے لڑ کر قربانیاں دینے والی پاکستانی فوج اور پولیس کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ چینی سفیر کا کہنا تھا کہ گوادر پورٹ بہت بڑا منصوبہ ہے اور پاکستان کے لئے بہت ہی اچھا ترقی کا موقع ہے، اس پر فخر کیا جانا چاہیے۔ سوال پر چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چین دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے کسی بھی قیمت پر اپنے شہریوں کو قربان کرنے کے حق میں نہیں۔ چینی شہریوں کی ہر صورت حفاظت کی جانی چاہیے، پاکستانی حکام نے چینی شہریوں کی حفاظت کے لئے جس عزم کا اظہار کیا ہے اس عزم کو عملی طور پر دکھانے کی ضرورت ہے۔  چینی سفارتخانے کے پریس کونسلر کی جانب سے چینی وزیراعظم کے دورہ پاکستان کے متعلق میڈیا کو بریفنگ بھی دی گئی جس میں بتایا ویسٹرن روٹ پر بے شمار منصوبوں پر کام دونوں ممالک کی ترجیحات میں شامل ہے۔چین پاکستان کے ساتھ مل کر جدید زراعت پر کام کرنے کا خواہاں ہے، جدید زرعی زونز کی تشکیل کی تجویز بھی دی گئی ہے  چین پاکستان کے لئے آزاد اور خودمختار معیشت کی تشکیل کا خواہاں ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن