لاہور (نوائے وقت رپورٹ+نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے بیلجیئم کے سفیر چارلس ایڈسبالڈ وان ڈر گراچٹ ڈی رومرزوائل نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ باہمی تعاون کے فروغ اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کا مستقبل میں تعاون کے فروغ کے مزید مواقع تلاش کرنے پر زور دیا گیا۔ بیلجیئم کے سفیر نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی عوام دوست پالیسیوں کی تعریف کی اور حکومت پنجاب کے معاشی ویژن کو سراہا۔ مریم نواز نے کہاکہ پاک بیلجیئم دوطرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ بیلجیئم کے ساتھ تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچائیں گے۔ تعلیم، آئی ٹی، اور زراعت کے شعبوں میں بیلجیئم کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ نوجوانوں کو آئی ٹی میں عالمی معیار کی مہارتوں کی ٹریننگ دی جارہی ہے۔ پنجاب میں زرعی شعبے کی میکانائزیشن پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ بیلجیئم کے سفیر چارلس ایڈسبالڈ وان ڈر گراچٹ ڈی رومرزوائل نے کہاکہ پنجاب کے معاشی استحکام اور بزنس فرینڈلی پالیسیز سے بیلجیئم کی انویسٹر کمیونٹی بہت خوش ہے۔ کلائیمٹ چینج کے اثرات پر کنٹرول اور انوائرمنٹ کی بہتری کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات متاثر کن ہیں۔ پنجاب میں ماحول دوست اختراعی اقدامات کے دور رس نتائج حاصل ہوں گے۔ بیلجیئم پاکستان میں سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ تعلیم، زراعت اور دیگر شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں مریم نوازشریف سے سرگودھا کے رکن صوبائی اسمبلی منور حسین اور سیالکوٹ کے رکن پنجاب اسمبلی محمد فیض نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ارکان اسمبلی کو ترقیاتی منصوبوں اور سی ایم انیشیٹو کی مسلسل مانیٹر نگ کا حکم دیا۔ مریم نوازشریف نے ارکان اسمبلی کو روٹی،آٹا اور دیگراشیاء ضروریہ کے نرخ میں اتار چڑھاؤ کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجا ب واحد صوبہ ہے جہاں روٹی اور آٹا سب سے سستا ہے۔ روٹی اور آٹے کے نرخ میں کمی اور استحکام کیلئے سیاسی اور انتظامی ٹیم کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ پنجاب میں عوامی خدمت کا قابل تحسین تاریخی معیار قائم کریں گے۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پرائس کنٹرول کا باقاعدہ نظام اور علیحدہ محکمہ قائم کررہے ہیں۔ عوام کو مہنگائی کی وجہ سے پہنچنے والی معاشی تکلیف کا ازالہ ہماری ترجیحات میں سر فہرست ہیں۔