سود کے خاتمہ، مدارس کی رجسٹریشن آئینی ترمیم کی منظوری انتہائی مستحسن اقدام ،پیر ثناء  اللہ حسینی

Oct 26, 2024

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے )جمعیت علماء اسلام کو پر امن سیاسی جدوجہد کے نتیجے میں 26ویں آئینی ترامیم کے ذریعے ملنے والی تاریخی کامیابی پرقائد جمعیت مولانا فضل الرحمان اور وفاق المدارس کے اکابرین شیخ الاسلام مفتی تقی عثمانی، حفیظ جالندھری کی اپیل پر ملک بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی جمعۃ المبارک کو یوم تشکر منایا گیا۔علماء کرام اور خطباء نے  26ویں آئینی ترامیم سے ملنے والی کامیابی سے عوام اور نمازیوں کو آگاہ کیا اس سلسلے میں سجادہ نشین خانقاہ حسینیہ اور خطیب مرکزی جامع مسجد مکی خیابان سرسید سیکٹر 2  پیر ثناء  اللہ حسینی نے نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جے یو آئی کے قائد مولانا فضل الرحمان اور جے یو آئی کے دیگر اراکین پارلیمنٹ کی کاوشوں سے 26 ویں آئینی ترمیم میں سود کے خاتمہ، دینی مدارس کی رجسٹریشن و تحفظ ، اسلامی نظریاتی کونسل اور وفاقی شرعی عدالت کو مضبوط بنانے کے قانون کی منظوری انتہائی مستحسن اور قابل تشکر عمل ہے اور اس ملک کی اصل اساس لاالہ الااللہ کے نظام کے نفاذ کی عملی جدوجہد کی طرف بہترین پیش رفت ہے۔انشاء اللہ 2028ء تک ملک سے سودی نظام کا خاتمہ ہو جائیگا جس پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اس موقع پر پیر سمیع اللہ حسینی اور دیگر علماء کرام بھی موجود تھے ۔پیر ثناء  اللہ حسینی  نے کہا کہ اس سے قبل مولانا فضل الرحمان اور شیخ الاسلام مفتی تقی عثمانی نے سپریم کورٹ میں قادیانیوں کے حوالے سے  دلائل دے کر چیف جسٹس کو اپنا فیصلہ واپس لینے پر قائل کیا جو بہت بڑی کامیابی ہے کیونکہ قادینیت بہت بڑا فتنہ ہے قادیانی اسلام اور پاکستان کیخلاف ہمیشہ سازشوں میں مصروف رہتے ہیں ۔لیکن علماء کرام ان کی سازشوں کو ہمیشہ کی طرح ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو سیاست سے آئوٹ کرنے اور سیاست میں بارہویں کھلاڑی کہنے اور غلیظ زبان استعمال کرنے والے بار بار مولانا کے گھر کے چکر لگاتے رہے  اور اسی مولانا فضل الرحمان کے پیچھے نمازیں پڑھتے رہے۔ آفرین ہے مولانا پر کہ آج مخالفین بھی ان کی تعریف میں رطب السان ہیں۔پیر ثناء  اللہ حسینی نے کہا  مولانا فضل الرحمان محافظ مدارس ہیں آج کوئی بھی دینی مدارس کیخلاف ٹیڑھی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرسکتا۔آخر میں ملک و قوم کی سلامتی، مولانا فضل الرحمان  ودیگر اکابرعلماء، مدارس، مساجدو خانقاہوں کی حفاظت، فلسطین، کشمیرسمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔

مزیدخبریں