راولپنڈی(جنرل رپورٹر)سیکرٹری محکمہ اوقاف ڈاکٹر طاہر رضابخاری کا ڈینگی تدارک کے حوالے سے راولپنڈی ڈویژن کا تفصیلی دورہ، کمشنر آفس میں ڈیلی کوارڈنیشن اجلاس کی صدارت کی،انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے تدارک کیلئے تمام محکمے سرگرم عمل ہیں۔ محکمہ اوقاف اپنی ذمہ داریاں پوری کررہا ہے، کسی سطح پر بھی کوئی کوتاہی برداشت نہ ہوگی۔ انسانی جانوں کی حفاظت لازم اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق سہولیات اور معاشرتی ضروریات کی فراہمی کیلئے حکومت مستعد ہے۔ ڈینگی کے حوالے سے محراب و منبر ہر طرح کی آگاہی دینے کیلئے سرگرم عمل ہے۔ کسی ادارے یا شعبے کو کوتاہی نہیں کرنے دیں گے، اجلاس میں سیکرٹری اوقاف کو ڈینگی کے سدِ باب کی بابت مختلف محکمانہ جات کی پرفارمنس بالخصوص اوقاف ڈیپارٹمنٹ کی ماہ اکتوبر کی کاکردگی کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، سیکرٹری اوقاف نے کہا کہ ہمارا دین ہمیں صفائی اور پاکیزگی کا حکم دیتا ہے اوراگر دین کے ان اصولوں کو ہم اپنی عملی زندگی میں نافذ رکھیں تو ایسے امراض کے موذی اثرات سے ہم محفو ظ رہ سکتے ہیں۔اس موقع پرایڈیشنل کمشنر راولپنڈی سید نظرات علی شاہ، ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ، اے ڈی سی ہیڈ کوارٹر ڈاکٹر زنیرہ آفتاب،ایم ڈی آر ڈبلیو ایم سی رانا ساجد، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر ارباب خان اورڈائریکٹر ڈاکٹر اعجازخان،اسسٹنٹ ڈائریکٹر سول ڈیفنس سنجیدہ خانم، زونل ایڈ منسٹریٹر اوقاف راولپنڈی جوادعزیزودیگر اداروں کے ذمہ داران اور افسران نے شرکت کی۔ سیکرٹری اوقاف نے راولپنڈی میں اوقاف مساجد و مزارات کا بطور "ڈینگی ہاٹ سپاٹس"کا جائزہ لیا۔"ڈینگی آگاہ مہم" کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے بھی خطاب کیا۔