اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے )گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ کے مکروہ کاروبار کے خاتمے میں میڈیا کا کردار مرکزی اہمیت کا حامل ہے درست معلومات اور قانون سے آگاہی کے تحت کی جانے والی رپورٹنگ حکومت کے لئے رہنمائی کا درجہ رکھتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی تنظیم سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن(SSDO) کے زیر اہتمام صحافیوں کے لئے منعقدہ آگاہی سشین سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن سید کوثر عباس نے گورنر فیصل کریم کنڈی کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انسانی سوداگری اور جبری مشقت کا مسئلہ تشویشناک صورت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ مافیا سے نمٹنے کے لئے میڈیا اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو ٹھوس حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا ۔انسانی سوداگری کے 2018 کے قانون کو پوری طرح نافذ العمل بنانا انتہائی ضروری ہے۔ آگاہی سشین میں صحافیوں کو ملکی اور بین الاقوامی قوانین کے بارے میں تفصیل کیساتھ بتایا گیا ۔