اسرائیلی فوج نے مزید کسی کارروائی کی صورت میں ایران کو خبردار کردیا

اسرائیلی فوج نے ایران کو مزید کسی بھی کارروائی کی صورت میں سنگین نتائج سے خبردار کردیا۔اسرائیلی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ اسرائیل کے حملے کے بعد اگر ایران کی جانب سے مزید کوئی نئی کارروائی کی گئی تو اسے اس کی بھاری قیمت چکانا ہوگی۔فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمارا پیغام واضح ہے، اگر ایرانی حکومت کشیدگی کے نئے دور میں داخل ہونے کی غلطی کرتی ہے تو پھر ہم جواب دینے کے لیے مزید تیار ہوں گے۔ترجمان نے مزید کہا کہ وہ تمام قوتیں جنہوں نے اسرائیل کو دھمکیاں دیں اور اسے خطے میں کشیدگی کے ایک نئے دور میں گھسیٹنے کی کوشش کررہی ہیں ان سب کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن کی انتظامیہ نے تصدیق کی ہےکہ اسرائیل نے ایران میں متعدد فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے جب کہ اس دوران کسی آبادی پر حملے نہیں کیے گئے۔بائیڈن انتظامیہ کا کہنا ہےکہ امریکا اسرائیل کے مخصوص اہداف کو نشانہ بنانے کی کارروائی سے واقف ہے اور صدر بائیڈن نے بھی اسرائیل پر زور دیا تھا کہ عام شہریوں کی ہلاکت کے امکانات کو کم سے کم رکھ کر مخصوص اہداف پر حملوں پر ہی توجہ دی جائے۔امریکی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اگر ان حملوں کے بعد ایران کوئی جواب دیتا ہے تو امریکا اسرائیل کی مدد کیلئے پوری طرح تیار ہے تاہم ہمیں امید ہےکہ اسرائیلی کارروائی دونوں ممالک کے درمیان فوجی کشیدگی کو ختم کردے گی۔

ای پیپر دی نیشن