ایران پر اسرائیلی حملہ، 100 سے زائد طیاروں کا استعمال

Oct 26, 2024 | 14:34

ایران پر اسرائیل کی طرف سے جمعے اور ہفتے کی درمیان شب شروع کیے گئے حملوں کی تفصیلات سامنے آنے لگ گئی ہیں۔ اگرچہ دونوں طرف سے ان حملوں کی کامیابی اور ناکامی کے متضاد دعوے سامنے آئے ہیں۔اسرائیلی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ تہران کے مغرب اور جنوب مغرب میں ان حملوں میں 100 سے زائد طیاروں اور ڈرونز نے حصہ لیا، جس میں بیلسٹک میزائل سائٹس اور فضائی دفاعی بیٹریوں سمیت تقریباً 20 اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔عبرانی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ نے ذرائع کےحوالے سےبتایا کہ ایران پر حملے میں F-35 طیاروں نے بھی حصہ لیا۔دریں اثنا ایرانی ایئر ڈیفنس کمانڈ نے اعلان کیا کہ اسرائیلی حملوں میں "تہران، خوزستان اور ایلام صوبوں میں فوجی مقامات کو نشانہ بنایا گیا"۔اس نے دعویٰ کیا کہ "انٹرسیپشن اور تصادم کی کارروائیاں کامیاب رہیں اور اسرائیلی حملوں کو ناکام بنا دیا گیا۔ بعض مقامات پر املاک کو نقصان پہنچا ہے"۔

حملے کے مقاصد حاصل کرنے کا دعویٰ
ایک اسرائیلی اہلکار نے زور دے کر کہا کہ حملوں میں اپنے اہداف حاصل کرلیے۔ایرانی فورسز انہیں روکنے میں ناکام رہی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ "ایران کا یہ دعویٰ کہ دھماکوں کی آوازیں فضائی دفاع کی کارروائیوں کا نتیجہ تھی غلط دعویٰ ہے" دوسری جانب باخبر ایرانی ذرائع نے دارالحکومت کے مغرب اور جنوب مغرب میں کسی بھی میزائل یا فوجی مراکز اور اڈوں پر بمباری کی تردید کی ہے۔ تسنیم ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق "دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جو تہران کے ارد گرد 3 مقامات پر اسرائیلی فوجی کارروائی کے جواب میں فضائی دفاع کی وجہ سے تھیں"۔

فوجی مراکز کو نقصان پہنچا
لیکن ایران کی اس تردید کے باوجود اسرائیلی اہلکار نے ’این بی سی‘ کو بتایا کہ ان حملوں میں ایرانی تیل یا جوہری تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔جبکہ تجزیہ کاروں نے العربیہ/الحدث کو بتایا کہ اب تک یہ واضح ہے کہ حملوں میں دارالحکومت کے جنوب اور مغرب میں پاسداران انقلاب سے تعلق رکھنے والے فوجی مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ فارس ایجنسی کی طرف سے بھی اس کی اطلاع دی گئی ہے۔ ان حملوں میں دارالحکومت کے آس پاس کی محدود بنیادوں پر کچھ فوجی مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔

حملوں میں بیلسٹک میزائل سائٹس اور فضائی دفاعی بیٹریوں کے علاوہ میزائل اور ڈرون بنانے والی جگہوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے آج صبح اعلان کیا ہے کہ اس نے ایران کی طرف سے مہینوں سے جاری حملوں کے جواب میں ایرانی فوجی اہداف پر ٹارگٹڈ حملے کیے ہیں۔خیال رہے کہ ایران نے یکم اکتوبر کو اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا تھا جس کے بعد اسرائیل نے ان حملوں کا درد ناک جواب دینے کا اعلان کیا تھا

مزیدخبریں