مری میں برفباری دیکھنے آنے والے سیاحوں کیلئے ونٹر پلان تیار کرنے کا فیصلہ

Oct 26, 2024 | 18:42

 ملک کے معروفی سیاحتی مقام مری کی ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کیلئے ونٹر پلان تیار کرنے کا فیصلہ کرلیا، کمشنر نے آر پی او اور ڈی سی کے ہمراہ مری کے مختلف مقامات کا دورہ کرکے سیاحتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈویژنل انتظامیہ نے مری کی ضلعی انتظامیہ کو برفباری کے موسم کے دوران سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمد کو سنبھالنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے موسم سرما کے لیے ونٹر پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جنوری 2022ء میں مری کے پہاڑی قصبے میں برف میں پھنس کر 22 افراد المناک طور پر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، جس کے بعد لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بنچ نے حکومت کو حکم دیا کہ وہ علاقے میں ٹریفک کے انتظام اور دیگر چیلنجز کے لیے موسم سرما کا منصوبہ تیار کرے۔ معلوم ہوا ہے کہ کمشنر عامر خٹک اور ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے ایک میٹنگ کی جس میں ضلعی محکموں کے سربراہان نے شرکت کی، اس دوران موسم سرما کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، میٹنگ میں سہولتی مراکز کے قیام، کنٹرول روم کے قیام اور سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے جیسے انتظامات کا احاطہ کیا گیا، ڈپٹی کمشنر مری نے شرکاء کو سیاحوں کی رہائش کی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ تمام حفاظتی اور لاجسٹک تیاریاں نومبر کے وسط تک مکمل کرلی جائیں کیوں کہ مری ایک اہم سیاحتی مقام ہے، یہ بڑی تعداد میں سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے جو سردیوں کے موسم سے لطف اندوز ہونے کے خواہاں ہیں، ضلعی انتظامیہ نے سیاحتی خدمات کو بڑھانے کے لیے ایک مکمل حکمت عملی پر عمل درآمد کیا ہے، اس میں کنٹرول روم اور سہولت مراکز کی مکمل کارروائی کے ساتھ ساتھ ٹریفک مینجمنٹ پلان پر سختی سے عمل درآمد بھی شامل ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ مری میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات ہٹا دی گئی ہیں، نئی تعمیرات اور پلاسٹک کے تھیلوں پر مکمل پابندی ہے، غیر قانونی پارکنگ کو روکنے کے لیے ٹو ٹرک دستیاب ہوں گے، اربن یونٹ اور آر ڈی اے کے تعاون سے ماسٹر پلان پر عمل درآمد کیا جائے گا، محکمہ جنگلات کو جاگنگ ٹریکس پر صفائی برقرار رکھنی چاہیے اور مری میونسپل کارپوریشن کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ سی سی ٹی وی کیمرے فعال ہوں۔

مزیدخبریں