پاک امریکہ تعلقات میں پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی پر وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی نے آل پارٹیز کانفرنس انتیس ستمبر کو طلب کر لی ہے۔ کانفرنس میں تمام جماعتوں کےرہنماؤں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ دوسری جانب قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے سربراہ میاں رضاربانی نے طلب کیا ہے جس میں وزارت خارجہ کے حکام پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے کمیٹی کو بریفنگ دیں گے ۔قومی سلامتی کمیٹی کی ہدایت پروزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے دورہ امریکہ کے دوران امریکہ سے مطالبہ کیا تھا کہ پاک امریکہ تعاون کے تمام معاہدے تحریری شکل میں لائے جائیں تاہم امریکی انکار کے بعد قومی سلامتی کمیٹی کا یہ اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے۔پیرکو ہونے والے اس اہم اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے پارلیمنٹ کے ان کیمرہ اجلاسوں کی متفقہ طور پر منظور کردہ قراردادوں پر عمل درآمد کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ادھر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس بھی کل طلب کرلیاگیا ہے، جس میں سیکرٹری دفاع، سیکرٹری خارجہ اور سیکرٹری داخلہ شرکت کریں گے۔